نوازشریف کی تصویر والے ٹرک کا چوری کے ہونے کے دعوے پر ن لیگ کا موقف سامنے آ گیا

نوازشریف کی تصویر والا ٹرک نگر سے رجسٹرڈ ہے،لاکھوں لوگ نوازشریف سے محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے ہیں۔مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کا ٹرک رجسٹریشن کے کاغذات شئیر کرتے ہوئے جواب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جنوری 2022 13:46

نوازشریف کی تصویر والے ٹرک کا چوری  کے ہونے کے دعوے پر ن لیگ کا موقف سامنے آ گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) مسلم لیگ (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے والد نواز شریف کی یاد سے متعلق تیار کیے گئے ٹرک آرٹ کو سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا جس پر سرائیکی گانا ’’ پچھاں مڑ وے ڈھولا تیری لوڑ پے گئی‘ درج ہے۔مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک ٹرک آرٹ کو شیئر کرتے ہوئے سرائیکی گانے کے لفظوں کو بطور کیپشن درج کرتے ہوئے والد کو پیغام دیا۔

تصویر میں ٹرک آرٹ پر نواز شریف زندہ باد کے نعروں کو دیکھا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی ٹرک پر بنائے گئے آرٹ میں سرائیکی گانا ’پچھاں مڑ وے ڈھولا تیری لوڑ پے گئی‘ درج ہے۔مریم نواز نے اسی گانے کوٹوئٹ میں بھی درج کیا جس کے اردو معنی یہ ہیں کہ واپس آجائیں اب آپ کی ضرورت پیش آگئی ہے۔
۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے سیاسی مخالفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ مریم نواز نے جس ٹرک کی تصویر شئیر کی ہے وہ چوری کا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لو! چورا دا ٹبر، انہوں نے وہیکل ویری فیکیشن کی تصویر شئیر کی جس کے مطابق مذکورہ ٹرک چوری کا تھا۔
تاہم اب اس پر مسلم لیگ ن کا بھی موقف سامنے آیا ہے۔مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تصویر والا ٹرک نگر سے رجسٹرڈ ہے،تصویر میں ڈاکومنٹ بھی ہیں دوسرا ایک نہیں ہزاروں لاکھوں ایسے لوگ موجود ہیں جو میاں صاحب سے اپنی محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے ہیں کس کس پہ جھوٹے الزام لگاؤ گے۔

ذیشان ملک نے کہا کہ ٹرک کی رجسٹریشن کے کاغذات موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گانے میں گلوکار طاہر نیئر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جو سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہے ، اس گانے کے کمپوزر اکرم راہی ہیں جبکہ لیرکس قیصر تارڑ نے لکھے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مریم نواز کی جانب سے ایک رکشے کی تصویر شیئر کی گئی تھی جس پر شہری نے لکھا تھا کہ نواز شریف کی یاد آتی ہے ہمیں پرانا پاکستان چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں