نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے رضوان اور عرفان خان نیازی کو آرام دینے کا فیصلہ

پی سی بی کے میڈیکل پینل کو محمد رضوان اور محمد عرفان خان کی ریڈیولوجی رپورٹس موصول ہوئی ہیں دونوں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی میڈیکل پینل کے ساتھ اپنی بحالی پر کام کریں گے

بدھ 24 اپریل 2024 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے محمد رضوان اور عرفان خان نیازی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی کے میڈیکل پینل کو محمد رضوان اور محمد عرفان خان کی ریڈیولوجی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بتایا گیا کہ رپورٹس کا جائزہ لینے اور پاکستان ٹیم انتظامیہ کی مشاورت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو لاہور میں ہونے والے دونوں میچوں میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی میڈیکل پینل کے ساتھ اپنی بحالی پر کام کریں گے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری دو ٹی20 میچز جمعرات اور ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان بھی انجری کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں