کوشش کریں گےکہ جون کے پہلے ہفتے میں نئی جماعت کے نام کا اعلان کردیں

آئندہ الیکشن کو کچھ عرصہ رہ گیا ہے تو ہم سمجھتے ہیں نئی جماعت کو لانا چاہیئے، چاہتے ہیں سیاسی انتشار کم ہو اور مسائل کے حل کیلئے نئی جماعت کام کرے، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 مئی 2024 20:36

کوشش کریں گےکہ جون کے پہلے ہفتے میں نئی جماعت کے نام کا اعلان کردیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء) سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے کہ جون کے پہلے ہفتے میں نئی جماعت کا اعلان کردیں، اگلے ہفتے جماعت کا نام بھی فائنل ہوجائے گا، آئندہ الیکشن کو کچھ عرصہ رہ گیا ہے تو ہم سمجھتے ہیں نئی جماعت کو لانا چاہیئے، چاہتے ہیں سیاسی انتشار کم ہو اور مسائل کے حل کیلئے نئی جماعت کام کرے ۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ نہیں تھا، لیکن نہیں بنائی کیونکہ نئی جماعت کو عوام میں متعارف کروانے میں وقت لگتا ہے، پھر یہ بھی تھا کہ الیکشن یکطرفہ ہوں گے، الیکشن ہوچکے ہیں، آئندہ الیکشن کو کچھ عرصہ رہ گیا ہے تو ہم سمجھتے ہیں نئی جماعت کو لانا چاہیئے، نئی حکومت بن چکی ہے اب نئی پارٹی لانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں سیاسی انتشار کم ہو اور مسائل کے حل کیلئے نئی جماعت کام کرے، پاکستان کے اصل مسائل اور معیشت کی طرف توجہ نہیں دی جارہی،اقتدار کیلئے سیاست کی جاتی ہے لیکن ہم عوام کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہماری ایک اسلام آباد میں میٹنگ ہوئی تھی، جس میں سینئر سیاسی لیڈرشپ سکندر بوسن، سردار مہتاب عباسی،جاوید عباسی، ظہیر قادری،ودیگر نے بھی شرکت کی تھی ۔ اب اگلی میٹنگ باقی صوبوں میں بھی کریں گے۔پارٹی کے آئین پر بھی بات چیت ہورہی ہے، کوشش کریں گے کہ جون کے پہلے ہفتے میں نئی جماعت کا اعلان کردیں، جماعت کا نام بھی اسی ہفتے فائنل ہوجائے گا، الیکشن کمیشن کو بھی دیکھیں گے کہ وہ کس نام کی اجازت دیتا ہے۔

مفتاح نے کہا کہ اس وقت دو کروڑ 60لاکھ بچے سکولوں میں نہیں ہیں، کیا ان کے والدین بچوں کی تعلیم نہ ہونے سے مطمئن ہیں؟پاکستان میں 9کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے رہتے ہیں کیا وہ معاشی پالیسی سے مطمئن ہیں؟کیا میٹرک انٹربی اے کرنے والے بچے جو صبح سے شام تک کام کرتے ہیں، بجلی گیس کا بل نہیں دے سکتے کیا وہ اپنے حالات سے مطمئن ہیں؟

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں