گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ(Jane Marriott) سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 17 مئی 2024 20:05

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ(Jane Marriott)  سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے جمعہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ(Jane Marriott) نے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے،گندم بحران سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران ہیڈ آف لاہور آفس کلیرا سٹرینڈوج(Clara Strandhoj) بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے سیلاب، زلزلہ سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس کے لیے شکر گزار ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سیلابوں کی صورت میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے پر بھی موسمیاتی تبدیلی کے برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے امید کا اظہار کیا کہ برطانیہ پاکستان کے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے کے مسئلے کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت کے فروغ کے لیے کسان کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں وفاق کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے پنجاب کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا چلنا ملک کے استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ(Jane Marriott) نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا اس حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں