لاہورہائیکورٹ نے بیٹوں کی طرف سے بیمار باپ کو گھر سے بے دخل کرنے کے کیس میں فریقین کو28 نومبر کو بحث کیلئے طلب کرلیا

جمعہ 25 نومبر 2016 22:09

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)بیٹوں نے اپنے بیمار باپ کو گھر سے بے دخل کردیا ،سیشن عدالت نے باپ کے حق میں فیصلہ دیا ،سیشن عدالت کے فیصلے کو بیٹوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے 28 نومبر کو فریقین کو بحث کیلئے طلب کرلیا ہے ۔مسٹر جسٹس عبادالرحمن لودھی کی عدالت میں وزیر آباد کی آبادی نظام آباد کابیمار سکول ماسٹر الیاس اپنی اہلیہ کے ہمراہ پیش ہوا ، اور استدعا کی کہ وہ وکیل کی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا اور وہ کیس میں خود دلائل دینا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار گلزار اور آفتاب پیش ہوئے اور نہ ہی ان کا وکیل پیش ہوا جس پر عدالت نے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی اور ریمارکس دئیے کہ آئندہ تاریخ پر درخواست گزار پیش ہوں وگرنہ کیس کا فیصلہ سنا دیا جائیگا۔بیمار سکول ماسٹر الیاس نے عدالت کو بتایا کہ سیشن کورٹ نے اس کے حق میں فیصلہ دیا ہے ، میں نے 1976 میں یہ گھر خریدا اور 1994 میں پہلی بیوی سے بیٹوں گلزار اور آفتاب کو رہنے کیلئے امانتاًً دیا ،پہلی بیوی سے دونوں بیٹیوں اور دو بیٹوں کی شادیاں بھی میں نے خود کیں ۔فالج کا مریض ہوں اور رہنے کیلئے میرے پاس کوئی گھر نہیں ،قانون کے مطابق گھر میری ملکیت ہے مجھے دیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں