عید الاضحی کے موقع پر نادار،مفلس اور غریب لوگوں کی تکالیف کو مدنظر رکھناچاہیے ‘چودھری پرویز الٰہی

منگل 21 اگست 2018 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمارا مذہبی تہوار ہے جو ہم اس عظیم الشان قربانی کی یاد میں مناتے ہیں جو پیغمبر اسلام حضرت ابراہیم ؑنے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے حصول کے لئے دی ،سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ عطا کر تی ہے،ہمیں یہ مذہبی تہوار مناتے وقت نادار،مفلس اور غریب لوگوں کی تکالیف کو مدنظر رکھناچاہیے ۔

(جاری ہے)

قائمقام گورنر پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ مستحق اور مفلس افراد کی مدد کر کے انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے اور یہی اس دن کا تقاضا بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی اخوت اور باہمی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دو سرے کی خوشیوں میں شریک ہوا جائے اور اس پر مسرت موقع پر عہد کریں کہ دکھی انسانیت کی فلاح کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور توانائیاں صرف کر دیں گے ۔ گورنر نے کہا کہ ہمیں آج کے دن اس اًمر کا بھی عزم کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور اسے بین الاقوامی سطح پر بلند مقام دلانے کے لئے اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں