صوبائی وزیرمحنت انصر مجید خان سے سوشل سکیورٹی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے وفدکی ملاقات

سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے سروس سٹرکچر سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے

پیر 12 نومبر 2018 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2018ء) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصرمجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب اور نادار طبقے خاص طور پر محنت کشوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی کو پورا کر رہی ہے۔ الیکٹرومیڈیکل مشینری و جدید آلات اور ادویات کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے سروس سٹرکچر سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے سوشل سکیورٹی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن ڈاکٹر صفدر بلوچ نے کی جبکہ دیگر ارکان میں جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر بابر بندیشہ، ڈاکٹر فریدہ علی اور ڈاکٹر عالیہ مظفر شامل تھیں۔

(جاری ہے)

سوشل سکیورٹی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداران نے وزیرمحنت انصر مجید خان کا سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ لاہور کا دورہ کرنے اور ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر صفدر بلوچ نے وزیرمحنت انصر مجید خان کو سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے مسائل بالخصوص سروس سٹرکچر بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کا سروس سٹرکچر سرے سے موجود نہیں۔ وزیرمحنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پر فوری اور ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں