چین نے پاکستان کوموجودہ بحران سے نکلنے میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے،قومی معیشت کے استحکام کیلئے چین باہمی تجارتی عدم توازن کو بہتر بنانا چاہتا ہے،نائب صدر ایف پی سی سی سی آئی کریم عزیز ملک

اتوار 18 نومبر 2018 15:50

لاہور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ چینی حکام نے یقین دلایا ہے کہ انکا ملک پاکستان کو نہ صرف موجودہ بحران سے نکلنے میں بھر پور مدد دے گا بلکہ مستقبل میں بھی ہمارے مسائل حل کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا،یہ بات انہون نے گزشتہ روز چین کے حالیہ دورے کے بعد کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے مسائل سے لا تعلق نہیں ہے،چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے ،انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہے، اس لئے یہ دوست ملک ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا،کریم عزیز نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اہم عہدیدار وانگ کن منگ سمیت متعدد اعلیٰ عہدیداروں، سفارتکاروں، صنعتکاروں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں انہیںپاکستان کے بارے میں فکر مند اورپاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے ہر ممکن تعاون پر تیار پایا،چین نہ صرف پاکستان کیلئے ایک بڑا قتصادی پیکج تیار کر رہا ہے جس سے معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ پاکستان سے درآمدات کو بڑھانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو بہتر بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ چین کے ون بیلٹ اینڈ ون روڈ پراجیکٹ کا بیس فیصد صرف پاکستان میں لگایا جا رہا ہے جس میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہو سکتا ہے ،اس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، اس منصوبہ میں پاکستان کی جانب سے دیگر ممالک کی شمولیت کا احترام کرتے ہیں جس پر اگلے ماہ تفصیلی مذاکرات ہونگے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی،ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے کہا کہ ٹی ڈیپ چین میں سنگل کنٹری نمائشیں لگائے جس میں ہر صوبے کی نمائندگی ہو تاکہ برآمدات بڑھائی جا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں