پی پی ،(ن) کے ادوار عوام کیلئے کسی ڈرائونے خواب کی طرح ہیں ‘ مسرت چیمہ

خواتین کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضے دئیے جائینگے‘ وفد سے گفتگو

اتوار 9 دسمبر 2018 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ادوار عوام کیلئے کسی ڈرائونے خواب کی طرح ہیں ،پی ٹی آئی کی حکومت نے کبھی بھی سب اچھا نہیں کہا بلکہ سابقہ حکومتوں کے چھوڑے ہوئے پہاڑ جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات محنت کی جارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ سٹیٹس کو کی حامل قوتیں غریب کی حالت زار میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور ان کی جانب سے اب بھی مزاحمت کی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کا موقف ہے کہ ہم نے سٹیٹس کو کو توڑنا ہے اور پسے ہوئے طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو آئے ہوئے ابھی چند ماہ ہی گزرے ہیں لیکن سمت کے تعین کیلئے اٹھائے گئے اقدامات نے ہی اپوزیشن کو خوفزدہ کر دیا ہے اور اسے اپنا سیاسی مستقبل ہمیشہ کیلئے دفن ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے جامع منصوبہ رکھتی ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ خواتین کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کے لئے نہ صرف آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے بلکہ ان کی تکنیکی معاونت بھی کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں