سابقہ حکمرانوں کی پیدا کی گئی خرابیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی' جمشید اقبال چیمہ

حکومت کی جانب سے اصلاح اور بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں' مرکزی رہنما پی ٹی آئی

پیر 17 دسمبر 2018 15:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور بہت جلد حقیقی ترقی کا دور دورہ ہوگا ،سابقہ حکمرانوں کی پیدا کی گئی خرابیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اعلان کے مطابق 100 روز ہ ایجنڈے پر عمل کر کے دکھایا اور عوام کو بہت جلد واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔سابقہ حکمرانوںنے ملک میں جتنی خرابیاں پیدا کی ہیں انہیں دور کرنے اور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اس کے لئے دن رات کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف عوام کو حالات سے آگاہ رکھے ہوئے ہے بلکہ اصلاح اور بہتری کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ حکومت اداروں کی بہتری کیلئے سمت کا تعین کرنے کے بعد منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔سابقہ حکمرانوں نے بلدیاتی نظام تونافذ کر دیا لیکن اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بجائے اختیارات اتھارٹیز کے ذریعے اپنے ہاتھ میں رکھے ۔پی ٹی آئی کی حکومت ایسا موثر بلدیاتی نظام لائے گی جس سے عوام کے حقیقی نمائندے با اختیار بھی ہوں گے اورعوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔اس موقع پر رہنمائوں اور کارکنوں نے جمشید اقبال چیمہ کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں