لاہور،پولیس نے ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث کاکو گینگ کے 3ملزمان کو گرفتارکر لیا

جمعرات 17 جنوری 2019 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) لاہور پولیس نے ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث کاکو گینگ کے 3ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔سی آئی اے کے اغواء برائے تاوان سیل نے کاکو ڈکیت گینگ کے 3ملزمان کو گرفتار کر کے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز ، موٹر سائیکلیںاور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف اور انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں ۔

ڈی ایس پی سی آئی اے اغوا برائے تاوان سیل طارق الیاس کیانی کی سربراہی میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد بنیا مین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شب وروز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کامران عرف کاکو، اکرم عرف اکری اور اسلم عرف چھما کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موٹر سائیکلیں، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہی گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے ۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میںڈکیتی اورراہزنی کی متعدد مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ایس پی سی آئی اے عثمان اعجاز باجوہ نے ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسنادکا اعلان کیاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں