دنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے دہشت گردی اور اسلحے کی تجارت بند کی جائے‘اعجاز چوہدری

دہشت گردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے

منگل 19 مارچ 2019 16:15

دنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے دہشت گردی اور اسلحے کی تجارت بند کی جائے‘اعجاز چوہدری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل انجینئر اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر فائرنگ بدترین دہشتگردی ہے،پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ نیوزی لینڈ واقعہ کے ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے یہ واقعہ سفاکیت کی بدترین مثال ہے،نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے، پچاس معصوم مسلمانوں کی شہادتوں کے المناک سانحہ نے پوری امت مسلمہ کو اشکبار کر دیا ہے، ایک بار پھر ثابت ہو اکہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سفید فام نے ثابت کر دیا کہ دہشتگردی کا کسی بھی مذہب اور قوم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا، دنیا کو مسلمانوں اور اسلام کے حوالے سے اپنے متعصبانہ رویہ کو بدلنے کی ضرورت ہے،جس منظم انداز میں حملے کئے گئے اس کے پیچھے سوچی سمجھی سازش ہے ایسے واقعات کی مذمت کے لئے اقوام متحدہ اور او آئی سی میں بھی آواز بلند کر کے امت مسلمہ کا بھرپور مذمتی موقف پیش کیا جانا چائیے، 50 نمازیوں کی شہادت نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کررکھ دیا،دہشت گردی کی مذمت کرکے اس کی ہر شکل کی روک تھام کی کوشش کی جائے ورنہ کوئی بھی کہیں بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا،دنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے دہشت گردی اور اسلحے کی تجارت بند کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گرد کا کوئی مذہب یاملک نہیںہو تا ، مساجد میں دہشت گردی پر مغربی میڈیا کا تعصب آشکار ہو چکادنیا سن لے دوہرا معیار نہیں چلے گا ،نیوزی لینڈ واقعہ خطرے کی گھنٹی ہے کہ کوئی بھی کسی وقت جنونیت کا شکار ہو سکتا ہے،ماضی میں ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو اگر نشان عبرت بنا دیا جاتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی، دہشت گردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے افسوس ناک واقعہ پر پوری قوم دکھی اور غمزدہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں