غیر قانونی شکار کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور اس مد میں جرمانے کی شرح کو بھی بڑھایا جا رہا ہے ،محمد سبطین خان

بہت جلد لاہور چڑیا گھر میں بچوں کی تفریح کیلئے ہاتھی کا اضافہ کیا جائے گا: صوبائی وزیر جنگلات و ئلڈ لائف و فشریز

جمعہ 19 اپریل 2019 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی وزیر جنگلات و ئلڈ لائف و فشریز محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جنگلی جانوروں کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوںنے لاہور چڑیا گھر میں ہاتھی کی دستیابی کے بارے میں ہدایات جاری کیں ہیں کہ جلد از جلد تمام تر ضروری کاروائیوں کو مکمل کر کے لاہور کے بچوں کیلئے چڑیا گھر میں ہاتھی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔

صوبائی وزیر نے محکمہ وائلڈ لائف کو ہدایات جاری کیں کہ سر پلس جانوروں کی فروخت صاف شفاف انداز میں نیلامی کے ذریعے کی جائے اور اس ضمن میں ایک شفاف نظام وضع کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بات آج پنجاب وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

وہ محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب میں آج اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کیپٹن (ر)سہیل اشرف اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کیپٹن (ر)سہیل اشرف نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب عمارات کی جانب سے اٹھارہ عددشیر پنجاب حکومت کو بطو ر تحفہ دیئے جا رہے ہیں ۔ جو بہت جلد لاہور چڑیا گھر میں منتقل کر دیئے جائیں گے ۔

وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھا رہا ہے ۔اس ضمن میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی موثر حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔غیر قانونی شکاریوں کی نشاندہی پر فوراًً ایکشن لے کر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی اور جرمانے کی شرح کو بھی کافی حد تک بڑھایا جا رہا ہے ۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدمات کر رہی ہے ۔

وائلڈ لائف کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ متحدہ عرب عمارات سے ملنے والا تحفہ بہت جلد لاہور چڑیا گھر کی زینت بننے جا رہا ہے ۔بہت جلد لاہور چڑیا گھر میں بچوں کی تفریح کے پیش نظر ہاتھی بھی منگوا لیے جائیں گے اس ضمن میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میڈیا کے نمائندگان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ صوبے میں موجود جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول میں تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔

غیر قانونی شکار کو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس ضمن میں جرمانے کی شرح کو بھی بڑھایا جا رہا ہے ۔جہاں کہیں بھی غیر قانونی شکار ہو گا اس پر فوری ایکشن لیا جائے گا اورمتعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات صوبے میں بڑے پیمانے پر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی زمین پر شجر کاری کر رہا ہے ۔وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جنگلات کو ان کی اصل حالت میں واپس آنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں