ْوزیر اعظم کی جانب سے ادویات کی قیمتوںمیں اضافے کا اعتراف حکومت کی ناکامی ہے‘امیر العظیم

فارماسوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ مل کر جن لوگوں نے کرپشن کی ہے، سب کا محاسبہ ہونا چاہیے‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

اتوار 21 اپریل 2019 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر 600ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے پر آمادگی تشویشناک ہے۔ ملک میں پہلے ہی مہنگائی نے سب کے ہوش اڑاکر رکھ دیئے ہیں۔ وزیر اعظم ادویات کی قیمتوںمیں 300فیصد تک اضافے کا اعتراف توکررہے ہیں مگر اس گھنائونے جرم میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کی جارہی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز لاہور اورفیصل آباد میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی ہو شر با اضافہ کردیا گیا ہے جوکہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ فارماسوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ مل کر عامر کیانی نے جس انداز میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کرپشن کی ہے، اس کے مکمل حقائق بھی سامنے لائے جائیں اور ملوث افراد کو جلد ازجلد انصاف کے کٹہرنے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے شروع دن سے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی بات کی تھی مگر اب انگلیاں عمران خان کی کابینہ پر ہی اٹھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے اور ادویات کو ان کی اصل قیمت پر لانے کے لیے سخت مانیٹری سسٹم مرتب کیا جائے۔ ترقی یافتہ ممالک میں اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیاء کی قیمتوںمیں اس طرح راتوں رات اضافہ نہیں کیا جاتا ، جس انداز میں کمیشن مافیا پاکستان میں کرتا ہے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ پورا ملک ہی کرپٹ اور کمیشن مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آٹھ ماہ میں ہی ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ عوام کو تبدیلی کے نام پر جس اندازمیں گمراہ کیا گیا اس سے معاشرے میں ہیجانی کیفیت پیدا ہو چکی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں