الخدمت فاونڈیشن کے قیام کا مقصد ہی معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود ہی: ذکر اللہ مجاہد

خدمت خلق کو اپنا کر ملک سے غریب اور نادار طبقے کی محرومیوں کو دور کیا جا سکتا ہے،الخدمت فاونڈیشن لاہور شہر کے محروم طبقات کیلئے صحت کی سہولیات کیلئے مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے، امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 8 نومبر 2019 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ خدمت خلق کو اپنا کر ملک سے غریب اور نادار طبقے کی محرومیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔الخدمت فاونڈیشن کے قیام کا مقصد ہی معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود ہے۔ ثریا عظیم ہسپتال میں موجود الخدمت لیب سمیت دیگر صحت کے پروجیکٹس خدمت خلق عظیم کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے وفد کے ہمراہ ثریا عظیم (وقف) ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدرالخدمت فاونڈیشن پاکستان میاں عبدالشکور،سیکرٹری الخدمت فاونڈیشن پاکستان مشتاق مانگٹ، صدر الخدمت فاونڈیشن صوبہ پنجاب اکرام سبحانی،صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، سیکرٹری گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال افتخار احمد چوہدری، ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء،سپیشلسٹ ڈاکٹرز ثریا عظیم ہسپتال ڈاکٹر لیاقت علی، فیاض احمد فیضی،سیکرٹری الخدمت فائونڈیشن لاہور مغیث شاہد قریشی،محسن بشیر،محمد اویس سرور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ثریا عظیم (وقف) ہسپتال شہریان لاہور کیلئے صحت کی معیاری سہولیات فراہم کررہا ہے۔جس میں مستحق اور نادار افراد کا مفت علاج معالجہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے 14 ماہ کے دور اقتدار میں غریبوں کو صحت کی سہولیات دینے کی بجائے پہلی بھی ختم کردی ہیں جو قابل مذمت ہے۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے مریضوں اور لواحقین کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنا اقتدار کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی خدمت کے کام کو بلا تقریق جاری و ساری رکھے ہوئے ہے۔الخدمت فاونڈیشن لاہور شہر کے محروم طبقات کیلئے صحت کی سہولیات کیلئے مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات سے پاکستان کے لاکھوں ضرورت مند افراد مستفید ہورہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں