ذخیرہ اندوزوں ،گرانفروشوں کے ساتھ ملاوٹ مافیا کے خلاف بھی بھرپور ایکشن لیا جائے ‘میاں اسلم اقبال

مجسٹریٹ کے علاوہ دیگر اہلکاروں کی مارکیٹوں میں موجودگی کی شکایات آرہی ہیں،یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے علاوہ کوئی اہلکار قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے مارکیٹوں میں نہ جائے‘صوبائی وزیر صنعت و تجارت

منگل 10 دسمبر 2019 00:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میا ں محمد اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے بھر میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اورپرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری،سیکرٹری صنعت و تجارت ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبے بھر کے کمشنرزو ڈپٹی کمشنر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھانے والے اضلاع کی بھر پور ستائش کی گئی۔صوبائی وزیر نے بعض مقامات پر اشیاء ضروریہ کی زیادہ قیمتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صورتحال کو جلد بہتر کیا جائے اورقیمتوں کو نیچے لایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں ،گرانفروشوں کے ساتھ ملاوٹ مافیا کے خلاف بھی بھرپور ایکشن لیا جائے ۔

مجسٹریٹ کے علاوہ دیگر اہلکاروں کی مارکیٹوں میں موجودگی کی شکایات آرہی ہیں ،یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے علاوہ کوئی اہلکار قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے مارکیٹوں میں نہ جائے ۔انہوںنے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں ابھی تک زیادہ ہیں،انتظامیہ اس پر توجہ دے۔ڈپٹی کمشنرز اورڈی پی ا وز منڈیوں کے اچانک دورے یقینی بنائیں۔

انہوںنے کہا کہ صوبے کی 142تحصیلوں میں ماڈل بازاربنانے کا فیصلہ کیا گیاہے جو دوسرے مرحلے میں بنائے جائیںگے۔پہلے مرحلے میں جن 16اضلاع میں ابھی تک ماڈل بازار نہیں ہے وہاں بنائے جائیںگے۔صوبائی وزیر ہدایت کی کہ16اضلاع میں ماڈل بازار بنانے کیلئے جگہ کی نشاندہی 12دسمبر تک مکمل کرلی جائے۔انہوںنے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے ہمیں ٹیم ورک کے طورپر کام کرنا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں