وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا سمبڑیال کھاریاں موٹروے کا دورہ، لاہور رنگ روڈ کی سدرن لوپ کا بھی معائنہ، جلد تکمیل کی ہدایت

ہفتہ 4 مئی 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قومی اہمیت کے حامل تعمیراتی منصوبوں کی شفافیت اور اُن کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزارت مواصلات کی طرف سے ہفتہ ک جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال کھاریاں موٹروے کے منصوبے کے فضائی دورہ اور حکام سے بریفننگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے سمبڑیال کھاریاں موٹروے کے منصوبے کا فضائی دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر مواصلات کو انہیں فرنٹینئر ورکس آرگنائزیشن کے اعلیٰ حکام کی طرف سے تعمیراتی کام اور اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹروے کے تعمیراتی کام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ذرائع آمدو رفت کی تیز اور بہترین سہولتیں میسر ہو سکیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کالا شاکاکو کے قریب لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ تھری اور لوپ فور کے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا جہاں انہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ عبدالعلیم خان نے لاہور رنگ روڈ کی بھی جلد تکمیل کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل تعمیراتی منصوبوں کی شفافیت اور اُن کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں