لاک ڈائون میں غریب اور دیہاڑی دار طبقہ فاقوں پر مجبور ہے : ذکر اللہ مجاہدٓ

حکمران زبانی جمع خرچ کی بجائے غریب اور سفید پوش طبقات کو دووقت کی روٹی کیلئے اقدامات کریں

جمعہ 3 اپریل 2020 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب اور دار طبقہ فاقوں پر مجبور ہوچکا ہے۔حکمران زبانی جمع خرچ کی بجائے غریب اور سفید پوش طبقات کو دووقت کی روٹی کیلئے اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں شہر میں قائم 30 کورونا ریلیف سینٹرز کے حوالے سے ضلعی عہدیداران کے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیائالدین انصاری، ملک شاہد اسلم، اظہر بلال، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور مرزا عبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، عمر شہباز و دیگر عہدیداران شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت کے کورونا ریلیف پیکیجز میں مستحق افراد کوریلیف دینے کا طریقہ کار دیہاڑی دار، غریب، سفید پوش اور متوسط طبقات کے افراد کی پہنچ سے دور اور سمجھ سے بالاتر ہے۔

دیہاڑی دار آن لائن اورانٹرنیٹ کی سہولیات سے ناواقف ہونے کی بنا پر ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وئراس کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔پاکستان میں 70 فیصد سے زیادہ عوام متوسط طبقات سے تعلق رکھتی ہے اور یہاں مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب لوگ بھوک و افلاس شدید اذیت میں مبتلا ہیں اگر حکمرانوں نے ان کی دوقت کی روٹی کا بندوبست نہ کیا تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے اور پھر لوگ کورونا نہیں بھوک کی وجہ سے مرنا شروع ہوجائیں گے ۔

ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے عہدیداران کو اہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤندیشن محدود وسائل میں اہل لاہور کے دیہاڑی دار، غریب اور سفید پوش افرادکو پکا ہوا کھانا، خشک راشن اور کچی سبزی پہنچانے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ دو کروڑ کی آبادی کے شہر میں یہ وسائل کہیں کم ہیں ان حالات میں ہمیں اہل خیر اور مخیر حضرات سے مسلسل رابطے کی ضرورت ہے جنہیں اللہ رب العزت نے وسائل سے نوازا ہے ان میں خدمت خلق کے حوالے سے شعور اور جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں قوم کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں تمام اداروں کو پہلے سے زیادہ متحرک ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اس مشکل وقت میں اہل لاہور کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ دیہاڑی دار مزدور اور غربیوں کیلئے اینٹی کورونا سامان،پکا ہوا کھانا، سبزیاں اور خشک راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 30 کورونا ریلیف سینٹرز اور الخدمت کمیٹیاں خدمت خلق کے کام کو جاری رکھیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں