عمربن عبدالعزیزؒ اور ان کی اہلیہ کے مزارات کی بے حرمتی انتشار پھیلانے کی مذموم سازش ہے : حافظ عاکف سعید

پیر 1 جون 2020 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) امیرالمومنین حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ اور ان کی اہلیہ محترمہ کے مزارات کی بے حرمتی اُمت مسلمہ میں فساد اور انتشار پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ ایسا قبیح فعل جس نے بھی کیا ہے وہ یقینی طور پر انتہائی قابل مذمت ہے اور اس پر اُمت مسلمہ کی خاموشی تشویشناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایسے واقعات کی آڑ میں اُمت مسلمہ میں مزید انتشار پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں ان کے آلہ کار ہیں اور دشمنانِ اسلام کے ایجنٹ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی خلافت کا اڑھائی سالہ دور اُمت مسلمہ کا عہد زریں تھا جو یقینا دین اسلام کی برکات اور عوامی خوشحالی کے حوالے سے خلافت راشدہ کے بعد ایک یادگار عہد تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو متحد ہو کر ایسے تخریبی واقعات کی روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ خاص طور پر او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر تمام اسلامی عالمی فورمز کو اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور حکومتِ شام کو مجبور کرنا چاہیے کہ جو بھی عناصر اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ہیں انھیں فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں