کالعدم تنظیم کے مشتعل کارکنوںکے تشدد ،پتھرائو سے 2پولیس اہلکار شہید ، متعدد زخمی ہو گئے‘ پولیس ترجمان

اسلام آباد کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے داخلی اور خارجی راستوںسمیت شہر کے اندرمختلف شاہراہوں کوسیل کر دیا گیا مخصوص علاقوںمیں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ،شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ،کسی کو قانون ہاتھ میںنہیںلینے دینگے‘سی سی پی او

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) پولیس ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے مشتعل کارکنوںکی جانب سے تشدد اورپتھرائو سے 2پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ،پولیس کی طرف سے کالعدم تنظیم کے اسلام آباد کی طرف مارچ کو روکنے کے لئے داخلی اور خارجی راستوںسمیت شہر کے اندرمختلف شاہراہوں کوکنٹینرز ،بیرئیرز اور خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیا گیا ،مخصوص علاقوںمیں موبائل اور انٹرنیٹ سروس گزشتہ روز بھی معطل رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب مارچ سے روکنے کی کوشش کی گئی جس کے باعث پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہو گیا ۔تصادم کے باعث دونوںجانب سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے آپریشنز ونگ کے ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکنوںکے پتھرائو سے کئی اہلکارزخمی ہو گئے جن میں سے دو اہلکار ایوب اور خالد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہیدہو گئے ۔

ترجمان کے مطابق متعدد اہلکار زخمی ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق شرکا ء کی جانب سے پولیس پر پٹرول بم بھی گرائے گئے۔ ترجمان کے مطابق مشتعل کارکنوں کو توڑ پھوڑ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے روکا گیا تو ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال اورپتھرائوکیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پولیس تشدد کے باوجود تحمل مزاجی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق خالد جاوید چوکی میو گارڈن جبکہ ایوب تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھا۔لاہور میں کالعدم تنظیم کی جانب سے احتجاج کے باعث انٹرنیٹ اورٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہے جبکہ 6 مقامات پر انٹرنیٹ سروس معطل ہے جن میں سمن آباد، سبزہ زار، شیرا کوٹ، نواں کوٹ ،اقبال ٹائون،گلشن راوی کے علاقے شامل ہیں۔بابو صابو سے سکیم موڑ، سکیم موڑ سے یتیم خانہ ٹریفک کیلئے بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کوشدیدمشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے دیگر کئی مقامات کو بھی کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے مکمل سیل کر دیا گیا ہے ۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرنے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو گرفتار کریں گے ،کالعدم جماعت کے کارکنوں کو اسلام آباد جانے سے روکیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں