پاکستان کی کہانی دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے ہمیں فلم، ڈرامہ، موسیقی اور ادب کو فروغ دینا ہوگا‘فواد چوہدری

اتوار 16 جنوری 2022 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی کہانی دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے ہمیں فلم، ڈرامہ، موسیقی اور ادب کو فروغ دینا ہوگا، ماضی میں انگریزی ادب کو بہت اہمیت حاصل تھی، پاکستان میں انگریزی ادب کم ہو رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم دنیائے ادب کے ساتھ خود کو جوڑ سکیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں فرزانہ عاقب کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ فرزانہ عاقب نے بہت خوبصورتی سے مختصر عرصہ میں 16 کتابیں تحریر کیں، ان کی کتابوں کے اقتباسات سے لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ فرزانہ عاقب نے کربلا پر بھی بہت خوبصورتی سے لکھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انگریزی ادب کو فروغ دینے میں فرزانہ عاقب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے ان تمام ذرائع کو تنزلی کی طرف دھکیلا گیا جن کے ذریعے پاکستان کی کہانی دنیا کے سامنے پیش کی جا سکتی تھی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی ایک خوبصورت کہانی ہے جو دنیا کے سامنے پیش نہیں کی جا سکی۔ ہمیں اپنی کہانی دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے فلم، ڈرامہ اور میوزک کو فروغ دینا ہوگا۔ اس ضمن میں وزارت اطلاعات اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ہمیں ملک کو ایسی راہ پر گامزن کرنا ہے جہاں ہم دنیائے ادب کے ساتھ خود کو جوڑ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انگلش کو انفوٹینمنٹ ٹی وی میں کنورٹ کیا جا رہا ہے، انگریزی ڈرامہ، انگریزی میوزک، فلم اور انگلش کے فنون لطیفہ کو عوام کے سامنے پیش کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ شاعری اور ڈرامہ میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہم ان کی بھرپور معاونت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں