مدارس اہلسنت ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں‘ڈاکٹرراغب نعیمی

اعلیٰ عدلیہ اورافواج پاکستان کوہدف تنقید بنانے والے ہوش کے ناخن لیں‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

بدھ 18 مئی 2022 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ مدارس اہلسنت ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔اعلیٰ عدلیہ اورافواج پاکستان کوہدف تنقید بنانے والے ہوش کے ناخن لیں۔مضبوط پاکستان کے لئے مضبوط دفاع ناگزیر ہے۔ اداروںکے خلاف پروپیگنڈہ مہم ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہیں ۔

پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع اور استحکام کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے ۔ دہشت گردی کیخلاف ملک دشمن عناصر کی مذموم کارروائیوں میں پاک فوج نے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن اور سا لمیت کی قیمت ادا کی ہے ۔ ہر طرح کے ہنگامی حالات میں پاک فوج ہمیشہ صف اول میں کھڑی ہوکر طوفانوں سے ٹکرائی ہے ۔ مسلح افواج کیخلاف ہرزہ سرائی سے ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کی تکمیل ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی قیادت مسلح افواج کیخلاف ہرزہ سرائی بند کرکے سیاسی اور عوامی ایشوز پر اپنی سیاست کرے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ کے سالانہ تعلیمی سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی۔اس موقع پر شیخ الحدیث مفتی عبدلعلیم سیالوی نے دینی تعلیم ضرورت واہمیت پر روشنی ڈالی ۔

جبکہ تقریب میں شیخ الحدیث مفتی انورالقادری ،شیخ الحدیث مولانا محبوب احمدچشتی،مفتی عمران حنفی،مولانا کلیم فاروقی ،مفتی محمدعارف حسین،مفتی محمدمدنی،مولانا غلام مرتضی نقشبندی،مولانا غلام یاسین نعیمی،مولاناارشد جاوید قادری ، قاری محمدرفیق نقشبندی،مولانا قاری ذوالفقار احمدنعیمی،مولانا مسعود احمدسیالوی،مولانا محب الرسول نوری،قاری غلام محی الدین،قاری محمد اشفاق احمد سمیت دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں