ذیشان رفیق سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

جمعرات 28 مارچ 2024 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق سے امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز Kristin Hawkins نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، امریکی پولیٹیکل/ اکانومک چیف نکولس کاٹساکی اور پولیٹیکل سپیشلسٹ محمد دائم فضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص مقامی حکومتوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کے عمل میں پنجاب حکومت کو تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں امریکی تجربے سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ کوڑے کی ری سائیکلنگ کا عمل ماحولیاتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس حوالے سے فریقین کو اشتراک کار بڑھانا چاہیئے۔ امریکی قونصل جنرل نے شہری امور میں سول سوسائٹی کے زیادہ کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر بلدیات پنجاب نے کرسٹن ہاکنز کو بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سمیت تمام عوام دوست منصوبوں میں سیاسی عزم شامل ہے۔ وزیراعلی مریم نواز دیہات میں بھی شہروں کے برابر میونسپل خدمات کی فراہمی چاہتی ہیں۔

نئی صورتحال میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نئے ماڈل ضروری ہیں۔ پہلی بار میونسپل خدمات کے شعبے میں لوکل کمیونٹی کو شامل کیا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ دیہات میں مقامی افراد خواتین پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن خدمات کی فراہمی وزیراعلی کا فوکس ہے۔ برتھ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، نکاح کی رجسٹریشن اور دیگر سہولیات عوام کو اں کے گھر کی دہلیز پر مہیا کی جائیں گی۔

وزیر بلدیات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ پنجاب حکومت ایسا دیرپا اور مستحکم نظام قائم کرنا چاہتی ہے جسے اپوزیشن کی حمایت بھی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون ضروری اور اس ضمن میں امریکی حکومت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے امریکی قونصل جنرل کو بتایا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو الگ بااختیار سیکرٹریٹ کی سہولت حاصل ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوڑا ڈمپ کرنے کے لئے پنجاب میں 23 جدید لینڈ فل سائٹس کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ ورلڈ بنک کے تعاون سے راولپنڈی اور بہاولپور میں ماڈل میونسپل پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں