موٹر وے پولیس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

کار کی تلاشی لینے پر 78 کلو افیم اور 73 کلو حشیش برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 16:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) موٹر وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف نے موٹروے پولیس کو مشکوک کار کی اطلاع دی، جس پر پٹرولنگ افسران نے کرولا کار کو سیال موڑ کے قریب روکنے کی کوشش کی، اس دوران ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے تعاقب کرکے روک لیا گیا۔ کار کی تلاشی لینے پر 78 کلو افیم اور 73کلو حشیش برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد برآمد شدہ منشیات اے این ایف کے حوالے کردیں، سیکٹر کمانڈر غلام قادر سندھو اور سی پی او ضیغم کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں پٹرولنگ افسران خرم شاد،انصر عباس،رمضان اور اکرام نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایکسائیز اینڈ نارکوٹکس (ای پی ایس )روہڑی سرکل نے کاروائی کرتے ہوئے دوران گشت ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی اور مقدمہ بھی درج کرلیا، محکمہ ایکسائیز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن ،سیکریٹری ایکسائیز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس و ڈائریکٹر جنرل ایکسائیز نارکوٹکس سندھ کی خصوصی ہدایات سندھ کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم پر ای پی ایس روہڑی سرکل کی ٹیم نے ایکسائیز انسپکٹر قمر الدین سیال کی نگرانی میں روہڑی کے قریب بیڑی چوک پر دوران گشت منشیات فروش شیر محمد عرف شیرو ولد شفیع بندھانی کو پانچ سو گرام ہیروئن پوڈر سمیت گرفتار کرکے نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ 1997کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

دوسری طرف راولپنڈی کی سیشن عدالت نے منشیات کے مقدمہ میں نامزد ملزم کوالزام ثابت ہونے پر 9سال قید اور2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی، تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے گزشتہ سال محمد شہزادکے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ9Cکے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں ملزم پر 1440گرام چرس برآمدگی کا الزام تھا گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو9سال قید اور2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں