لاہورہائیکورٹ ، قصورویڈیو سکینڈل میں عمر قید کی سزا پانے والے 2ملزمان رہا

جمعرات 25 اپریل 2024 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے قصور ویڈیو سکینڈل میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزمان کی اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گواہوں کے بیانات اور میڈیکل رپورٹ میں تضاد ہے جبکہ مقدمہ کے مدعی ملزمان سے متعلق بیان دے چکا ہے کہ یہ انکے ملزم نہیں ہیں اور اسی بنا پر ملزمان کو بری کر دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو عمر قید کی سزا قانون کے مطابق ہوئی اس لیے عدالت اپیلوں کو مسترد کرے۔ فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم حسیم عامر اور فیضان مجید کی اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے دونوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ تھانہ گنڈا سنگھ پولیس نے کمسن بچوں کی پورنوگرافک فلمیں بنانے کے الزام میں 2015 میں یہ مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد دو سال تک چلنے والے مقدمات کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت نے مرکزی ملزم حسیم عامر سمیت تین افراد کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں