عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے،مایوس نہیں کریں گے، چوہدری شافع حسین

جمعہ 26 اپریل 2024 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد مسلم لیگ ہائوس میں ہوا۔ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹااور اپنے ہاتھوں سے کارکنوں کو کھلایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ہماری پہچان ہے، اسے مضبوط کریں گے،پارٹی مضبوط ہو گی تو پنجاب میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے، کسی صورت مایوس نہیں کریں گے، کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے گندم کی درآمد پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، بیرون ممالک ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے،فنی تعلیم کے اداروں کی اپ گریڈیشن اورہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹیکنیکل ایجو کیشن اداروں میں چائنیز لینگویج کے ساتھ جرمن، عربی اور جپنیز لینگویج کے کورسز بھی شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا آئندہ کوئی انڈسٹریل اسٹیٹ زرعی زمین پر نہیں بنے گی،زرعی زمین پر ہائوسنگ سو سائٹیاں بھی نہیں بننی چاہیے،کوشش ہے کہ رواں سال پنجاب میں سولر پینلز بنانے کا کارخانہ لگے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، ان کے مسائل حل کریں گے، کرپشن مافیا کا دور گزر چکا،پنجاب کو معیاری انفراسٹکچر دیں گے، سالگرہ تقریب میں شرکت کرنے والوں کا مشکور ہوں۔

تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ارکین اسمبلی خالد اصغر گورال، سلمی ہاشمی، تاشفین صفدر، پاکستان مسلم لیگ یو کے کے صدر رضوان ہاشمی، سینئر نائب صدر پنجاب چوہدری یاسر عرفات، صدر لاہور میاں عبدالوحید اور پارٹی عہدیداروں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں مسلم لیگ ہائوس پہنچنے پر چوہدری شافع حسین کا زبر دست استقبال کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں