پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ایکسچینج پروگرامز شروع کرنے چاہئیں‘بلیغ الرحمن

تعلیمی وفود کے تبادلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلی تعلیم، تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:22

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ایکسچینج پروگرامز شروع کرنے چاہئیں‘بلیغ الرحمن
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں سٹیو سمتھ کی قیادت میں یوکے سے آئے اعلی سطحی تعلیمی وفد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں ڈاکٹر وینڈی الیگزینڈر، سکاٹ لینڈ کے ایجوکیشن چیمپئن۔ برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے قابل ذکر مندوبین اور برٹش کونسل پاکستان کے نمائندگان شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے وفد کے شرکا کو خوش مدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ایکسچیج پروگرامز شروع کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی وفود کے تبادلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلی تعلیم، تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت ریسرچ کمرشلائزیشن، اختراعات اور باہمی اشتراک کے ذریعے اعلی تعلیم اور سماجی بہبود کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ برطانوی یونیورسٹیوں سے وابستہ اکیڈیمیہ پنجاب کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی تبادلے کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت برطانیہ، برٹش کونسل، یو کے میں یونیورسٹیوں اور ایچ ای سی کے ساتھیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ ان کی مشترکہ کوششوں کا مقصد معیار، مساوات اور شفافیت جیسے اصولوں کے فروغ کے ذریعے اعلی تعلیم کو بین الاقوامی بنانا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے مسلسل تعاون سے اعلی تعلیم کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہائوس لاہورمیں کریسنٹ ماڈل ہائر سکنڈری سکول گرلز کیمپس کی طالبات کے ساتھ مل کر ارتھ ڈے کے حوالے سے پودا لگایا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ درخت ہمارے دوست ہیں جوہمہ وقت ہمارے لئے آکیسجن پیدا کرنے، تپتی دھوپ میں سایہ مہیا کرنے اور آب و ہوا کو معتدل رکھنے میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ملکی معاشی خوشحالی کے لیے ہمیں بڑھ چڑھ کر درخت لگانے چاہئیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قرآن و حدیث میں درخت لگانے اور ان کی حفاظت کو ایک اہم فریضہ اور صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ آج یہاں گورنر ہائوس میں کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول، گرلز کیمپس کی طالبات نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا ہے ۔

علاوہ ازیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج گورنر ہائوس کے تاریخی دربار میں ایم ۔ اے قریشی کی کتاب ''نسل نو اور اقبال''کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے علامہ اقبال کے افکار و نظریات کی روشنی میں نسل نو کی کردار سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال ہمارا عظیم اثاثہ ہیں اور ان کے کلام کو ایران ،جرمنی اور ترکی میں بہت سراہا جاتا ہے۔ اس موقع پر ماہر اقبالیات برگیڈیر ریٹائرڈ ڈاکٹر وحید الزمان طارق ، عظمی زریں، ایم اے حجازی وحید خواجہ ، پیر طارق شریف زادہ ، منشاہ قاضی اور اعظم منیر بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں