چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ

پیر 13 مئی 2024 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔انہوں نے دورہ کے دوران ڈائی ورشن ٹنلز، پاور ہائوس اور سپل وے سمیت اہم سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے تعمیراتی سائٹس پر جاری سرگرمیوں اور اہم اہداف حاصل کرنے کیلئے مقررہ اہداف بارے بریفنگ دی۔

سائٹس کے دورے کے بعد چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان میں پانی اور بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مہمند ڈیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کیلئے عملدرآمد پلان کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹائم لائن کے حصول کے لئے اضافی وسائل بھی بروئے کار لائے جائیں۔

قبل ازیں چیئرمین واپڈا کو دریا کا رخ موڑنے کے لئے ڈائی ورشن سسٹم پر پیش رفت، ریکوری پلان، ڈیم مٹیریل ذخیرہ کرنے اور سپل وے پر کنکریٹنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔مہمند ڈیم خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ یہ اپنی ساخت کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں بلند ترین کنکریٹ فیس راک فِل ڈیم ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل 2026-27میں شیڈول ہے۔

مہمند ڈیم میں 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا۔ جس کی بدولت مہمند اور چار سدہ کے اضلاع میں 18 ہزار 233 ایکڑ نئی اراضی زیر کاشت آئے گی جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کو زرعی مقاصد کے لئے پانی کی فراہمی میں بھی اضافہ ہوگا۔ مہمند ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے اور یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو 2 ارب 86کروڑ یونٹ ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا۔ منصوبہ سے پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں