وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ایلیٹ یونیفارم پہن کرکمانڈوز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت

جمعہ 17 مئی 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے ایلیٹ فورس ٹریننگ سنٹر میں پاسنگ آوٹ پریڈ میں ایلیٹ یونیفارم پہن کر شرکت کی۔ ایلیٹ کمانڈوز کی حمزہ کمپنی اور عائشہ کمپنی نے وزیر اعلی کو جنرل سلامی پیش کی۔ پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس نے پروفیشنل ٹریننگ کے مظاہرے پیش کئے۔ فی میل کمانڈوز نے سیٹ، ہیلی ریپلنگ بلڈنگ کراسنگ،لیزرڈ کرال فیس ڈان ریپلنگ اورسٹریٹ کراسنگ کے مظاہرے کئے۔

فی میل کمانڈواسالٹ ٹیم نے سموک سکرین کے ساتھ موونگ فائر کا مظاہرہ بھی کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فی میل کمانڈوز کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔ ایلیٹ کمانڈوز نے بلند ٹاور سے زخمیوں اور سامان اتارنے کے مظاہرے کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جیپ پر پریڈ کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریننگ میں اعلیٰ کارکردگی پر کمانڈوز میں انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی پر کیش انعامات کا اعلان بھی کیا۔

ایلیٹ کمانڈوز نے ٹریننگ مکمل کرنے پر حلف لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایلیٹ پولیس کے جدید اسلحے، ایم پی فائیو ایس ایس آر، پی او ایف آئی، این وی جی گن کا عملی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فی میل کمانڈوز سے ملاقات کی اور تصاویر بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریننگ مکمل کرنے والے ایلیٹ کمانڈوز کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کیں۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں پاسنگ آٹ پریڈ میں شرکت کر کے جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے اتنی ہی خوشی مجھے ہو رہی ہے۔ یہ انتہائی مشکل چھ ماہ کی ٹریننگ تھی، 800 بچے کامیاب ہوئے جن میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔پریڈ کے معائنے کے دوران آپ کے چہرے پر پاکستانیت دیکھ کر مجھے بطور وزیراعلی انتہائی حوصلہ ملا۔

وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ ایلیٹ فورس نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے جس میں ابھی تک 17 ہزار نوجوان ٹرینڈ ہوئے۔ آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے میں ایلیٹ فورس کا یونیفارم پہن کرآئی ہوں۔انہوں نے کہاکہ آپ لوگ قوم کے ان چند خوش قسمت بیٹے اور بیٹیوں میں سے ہیں جن کو یہ وردی پہننا نصیب ہوئی ہے۔ یہ وہ قومی خدمت ہے جو چند قوم کے بیٹے اور بیٹیوں کے نصیب میں آتی ہے۔

ایلیٹ فورس کی پاس آئوٹ ہونے والی خواتین کو خصوصی طور پر شاباش دیتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سی ایم ہا ئوس کی طرف سے پاس آئوٹ ہونے والوں کے لئے خصوصی کیش پرائز بھجوائوں گی۔پاس آئوٹ ہونے والی خواتین کے والدین کومبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے اپنی بچیوں پر اعتماد کیا اور انہیں ملک کی خدمت کے لیے وقف کیا۔جب یہ بچیاں قوم کے بیٹوں کے ہمراہ شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کریں گی تو قوم کو ان پر فخر ہوگا۔

شہید کو دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کہ یہ شہادت کا کیا جذبہ ہے جس کے لئے لوگ اپنے بیٹوں کو مٹی پر قربان کرنے کے لیے پیش کرتے ہیں، شہادت کے اس جذبے کو سلام کرتے ہیں۔ ایلیٹ فورس کے 85 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، تمام فورسز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قرآن مجید کہتا ہے کہ شہید زندہ ہے اور وہ چند خوش نصیب ہوتے ہیں جن کو موت کے بعد بھی زندگی ملتی ہے۔ آئی جی پنجاب بہت متحرک آفیسر ہیں۔ جو تبدیلیاں آئی جی پنجاب پولیس میں لارہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں