لاہور پیرس ریلی ملکی ثقافت کے فروغ وپاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرے گی، رانا مشہود احمد

حکومت سیاحت کے فروغ ،اسے پرکشش سیاحتی مقام بنانے کے لئے پرعزم ہے،کھیلوں و دیگر شعبوں کی ترقی بارے 2018سے رکنے والا سفر دوبارہ شروع ہوگیا ہے،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

ہفتہ 18 مئی 2024 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ لاہور پیرس ریلی2024 ملکی ثقافت کو فروغ دینے اورپاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرے گی، حکومت سیاحت کے فروغ اور اسے پرکشش سیاحتی مقام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان اقبال میں ریلی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر موٹرسائیکلسٹ سیاح و ریلی آرگنائزر مکرم ترین بھی موجود تھے۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ لاہور پیرس ریلی 26اگست سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی جس کی منزل پیرس ،فرانس ہوگی، ریلی کے شرکا پاکستان سے فرانس تک 12 ممالک سے ہوتے ہوئی20 ہزار کلومیٹر سفر70 دنوں میں طے کریں گے۔ اس دوران ریلی پاکستان، ایران، ترکیہ ، یونان، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی، آسٹریا، ہنگری، رومانیہ اور بلغاریہ جیسے بڑے ممالک سے گزرے گی۔

(جاری ہے)

ریلی کا اہتمام گلوب سیریز، کراس روٹ کلب نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور محکمہ سیاحت پاکستان کے باہمی اشتراک سے کیا ہے۔ رانا مشہود احمد خا کا کہنا تھا کہ لاہور پیرس ریلی نہ صرف ملکی ثقافت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کا بھی بہترین موقع ہے۔انہوں نے ریلی کے لئے شرکا کو حکومتی سطح پر مکمل تعاون اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ حکومت ریلی میں شریک خواتین اور بچوں سمیت تمام شرکا کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گی،اس ریلی کے ذریعے نہ صرف ثقافتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ مختلف ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریلی ہمارے نوجوانوں کو ایک نیا عزم اور جوش دینے کا سبب بنے گی، یہ ریلی جہاں پاکستان کامنفرد تشخص برقرار رکھے گی وہاں یہ ملک میں سیاحت کے نئے باب کھولنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے سیاحوں کو اس ریلی کے ذریعے دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں ،یہ پرامن ملک اور یہاں کے لوگ بہت ہی مہمان نواز ہیں ، یہ خطہ سیاحوں کیلئے جنت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ ریلی کے لوگو کی رونمائی آئندہ چند روز میں ہو گی ، ریلی میں پاکستان کی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی بنائے جائیں گے، ریلی جس ملک میں جائے گی، وہاں ثقافتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ دنیا کو پاکستان کے مثبت امیج سے آگاہ کیا جائے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں و دیگر شعبوں کی ترقی کے حوالے سے 2018سے رکنے والا سفر دوبارہ شروع ہوگیا ہے، پاکستان کی ہاکی ٹیم 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی، مہنگائی کم اور معاشی اشاریے بھی مثبت آ رہے ہیں جبکہ سرمایہ کاری کے لئے بھی پوری دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہو رہا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمارا ٹارگٹ 2028 کے اولمپکس مقابلوں میں شرکت کرنا ہے جس کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں اپنا لوہا منوانا شروع کر دیا ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدان اب آباد نظر آئیں گے ،کبڈی کے کھیل کو بھی وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں