موجودہ حکمران اپنی جعلی مقبولیت کو عروج نہیں دے سکتے ‘ مسرت جمشید چیمہ

آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام کے لئے مزید مشکلات کا باعث بنے گا ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

اتوار 19 مئی 2024 12:05

موجودہ حکمران اپنی جعلی مقبولیت کو عروج نہیں دے سکتے ‘ مسرت جمشید چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کی آئی ایم ایف کے سامنے جی حضوری سے واضح ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام کے لئے مزید مشکلات کا باعث بنے گا ، حکمران جتنا زور اور توانائیاں پی ٹی آئی اور بانی چیئرمین کو دیوار سے لگانے پر صرف کر رہے ہیں اگر اس سے آدھا عوام کے مسائل کے حل پر لگاتے تو آج حالات یکسر مختلف ہوتے ، سلاخوں اوردیواروں کے پیچھے رکھنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ ملک کو آئین و قانون اور جمہوری طریقے سے چلایا جائے ،عوام نے 8فروری کو پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے اسے کھلے دل سے تسلیم کیا جائے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں ، موجودہ حکمران اپنی جعلی مقبولیت کو عروج دینے کے لئے جو گھریلو ٹوٹکے استعمال کر رہے ہیں ان سے ان کی مقبولیت کو چار چاند نہیں لگ سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اگر حقیقت میں سیاسی جماعتیں ہیں تو پی ٹی آئی کے ہاتھ پائوں باندھنے کی بجائے میدان میں مقابلہ کریں تاکہ انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو سکے ۔ انہوںنے کہا کہ ظلم اور جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہونے والی ہے اور ملک میں حقیقی جمہوریت پروان چڑھے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں