وزیراعلی کی ہدایت پر 20 ماڈل کیٹل مارکیٹس قائم کرینگے‘ وزیربلدیات

جمعہ 24 مئی 2024 17:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر مختلف شہروں میں 20 اڈل کیٹل مارکیٹس قائم کی جا رہی ہیں، سی پیک روٹ پر بھی ماڈل کیٹل مارکیٹس قائم کی جائیں گی۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے دورے کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد کی بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے۔

اس موقع پر مویشیوں کی خریدوفروخت کا کاروبار زیادہ تیز ہوگا۔ انہوں نے ہدایت نے کی کہ بیوپاریوں اور خریداروں کو منڈیوں میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیرانتظام سال رواں میں 10 ارب روپے کی مویشی منڈیوں کی نیلامی کی گئی ہے تاہم اب بھی آمدن میں اضافے کی کافی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ای کیٹل مارکیٹ کا قیام وزیراعلی مریم نواز شریف کی حکومت کا ایک اہم پراجیکٹ ہے۔

آن لائن خریداری پر پے منٹ آن ڈیلیوری کی سہولت دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آن لائن خریداری کی معلومات کے لئے 1233 ہیلپ لائن کا قیام احسن اقدام ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پنجاب کی منڈیوں میں امسال لمپی سکن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیٹل مارکیٹس میں صفائی کے معاملات پر سمجھوتہ نہ کیا جائے اور سخت گرمی میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر قانونی کیٹل مارکیٹس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی جگہ اوورچارجنگ کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے زیرنگرانی مویشی منڈیوں میں ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جاتی ہے جس سے نوسربازی اور چوری کی شکایات میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کے جانوروں کے فضلے کو قابل استعمال بنانے کا جائزہ لیا جائے اور گرین ویسٹ کو ستھرا پنجاب پروگرام کے ساتھ لنک کیا جائے تاکہ صفائی کی معیاری سہولیات مہیا کی جاسکیں۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر کیٹل مارکیٹس مینجمنٹ کمپنی تاثیر احمد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی 2021 میں قائم کی گئی۔ اس وقت صوبہ بھر میں 9ڈویژنل کیٹل کمپنیاں اور 110مویشی منڈیاں کام کر رہی ہیں۔ واٹس ایپ پر بھی کمپلینٹ کی سہولت دی گئی ہے اور شکایات براہ راست سیکرٹری لوکل گورنمنٹ تک پہنچتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں