رمضان کے مبارک مہینے کے دوران صحافیوں کوکالونی کے پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز دئیے جائیں گے لاہور میں صحافیوں کی کالونی میں بجلی اور سوئی گیس کی تنصیب کے لئے پیسے جمع کرا دیئے گئے ہیںوزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2006 16:17

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2006 ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے تحت بننے والی رہائشی کالونیوں میں سوئی گیس اور بجلی سمیت زندگی کی ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں-وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیف سیکرٹری سلمان صدیق‘ صوبائی محکموں کے سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صحافیوں اور سرکاری ملازموں کی کالونیوں سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں بننے والی صحافی کالونی میں تعلیم‘ صحت اور تفریح کے مقاصد کیلئے پلاٹوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے- وزیر اعلیٰ نے صحافی کالونی کے ترقیاتی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان کے مبارک مہینے کے دوران صحافیوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر انتظامیہ کو صحافیوں کی کالونی میں 15 ایکڑ پر مشتمل پارک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی- انہوں نے کہا کہ اس پارک میں رہائشیوں کی تفریح کے لئے جھیل بھی تعمیر کی جائے- وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ لاہور میں صحافیوں کی کالونی میں بجلی اور سوئی گیس کی تنصیب کے لئے پیسے جمع کرا دیئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے حکام کو راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کی رہائشی کالونی کے لئے زمین کی بلاتاخیر نشاندہی کی ہدایت بھی کی۔

چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک گریڈ سے لے کر 22 گریڈ تک کے سرکاری ملازمین کیلئے ریٹائرمنٹ پر تعمیر شدہ گھروں کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب کے منصوبے کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں موہلنوال کے مقام پر 1250کنال اراضی پر سرکاری ملازمین کے لئے مکانوں کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے جبکہ فیصل آباد میں 2600 کنال پر رمضان کے بعد مکانوں کی تعمیر شروع ہو جائے گی- اسی طرح راولپنڈی میں سرکاری ملازمین کے لئے 3 ہزار کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور میں سرکاری ملازموں کی رہائشی سکیم کے فیزٹو کے لئے مطلوبہ اراضی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے سپرد کر دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں