نوجوانوں کی مخفی صلاحیتوں کو پوری قوم کے سامنے لانے کے لئے ایجوکیشنل ایکسپو اہم سنگ میل ہے، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ

جمعہ 25 نومبر 2016 17:42

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ طلبہ پاکستان کو اسلامی ، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے انہیں مواقع ہی میسر نہیں آتے۔ نوجوانوں کی خداداداور مخفی صلاحیتوں کو پوری قوم کے سامنے لانے کے لئے ایجوکیشنل ایکسپو ایک اہم سنگ میل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹرمیں سٹوڈنٹس ایجوکیشنل ایکسپو کے اختتامی روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ایکسپو سینٹر میں دو روزہ سٹوڈنٹ ایجوکیشنل ایکسپو کا انعقاد کیا جس میں لاہور کے تعلیمی اداروں سے دو لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات اور فیملیز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایکسپو میںطلبہ و طالبات نے مختلف قسم کے پراجیکٹس پیش کئے جس میں ایکسپو کے شرکاء نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

جبکہ آخری روز ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کے لئے خصوصی سیشن کا اہتما م کیا گیا انہیں خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، مختلف جامعات اور کالجز نے طلبہ وطالبات کے لئے خصوصی سٹالز لگائے گئے تھے۔نیلام گھر میں تین کروڑ سے زائد کے قیمتی انعامات طلبہ وطالبات کو دئیے گئے۔جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے کے ٹکٹس اور موٹر سائیکلز بھی طلبہ و طالبات کو دی گئیں۔ایکسپو میں آنے والے طلبہ وطالبات نے اس سرگرمی کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ ایسے کامیاب اور منظم پروگرامز ان کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو جِلا بخشنے کا باعث بنیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں