چین پاک اقتصادی راہداری ملک کی خوشحالی کا سبب بنے گی ، منصوبے کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئیگی، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان

ہفتہ 20 مئی 2017 17:01

چین پاک  اقتصادی راہداری ملک کی خوشحالی کا سبب بنے گی ، منصوبے کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئیگی، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان
لورالائی۔20مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) چین پاک اقتصادی راہداری پاکستان کی خوشحالی کا سبب بنے گی، پراجیکٹ کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی، ان خیالات کا اظہار جامعہ لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ خان نے جامعہ کے زیر اہتمام سی پیک کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے جامعہ کے قائم مقام رجسٹرار پروفیسر عبد القدوس بابڑ، مختلف شعبہ جات کے طلباء و طالبات نے تقاریر کیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ خان تھے،انہوں نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ پراجیکٹ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، ون بیلٹ ون روڈ پراجیکٹ چین کو دنیا کے تین براعظموں وسط اشیاء، یورپ اور افریقہ سے ملائے گا ۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ کے ذریعے چین اپنا تجارتی سامان نہایت کم وقت میں دنیا کے کسی بھی کونے تک پہنچا سکے گا ۔ سی پیک بھی اس پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے ذریعے چین کے شہر کاشغر کو گوادر سے منسلک کیا جائے گا ۔ اس پراجیکٹ میں نہ صرف شاہرائیں تعمیر ہوں گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ توانائی، ریل اور تجارتی پارکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس پراجیکٹ کا ایک اہم حصہ جامعہ لورالائی نے اس سلسلے میں اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں تاکہ بوقت ضرورت جامعہ لورالائی کے طالبعلم اس سلسلے میں ہنرمندی افرادی قوت مہیا کر سکے ۔

جس کی وجہ سے بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہوگا اور یہاں کے تربیت یافتہ طالبعلموں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے پراجیکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی وہی ملک کی جی ڈی پی میں اس پراجیکٹ کا بڑا حصہ ہوگا۔ سی پیک کی تعمیر کے بعد پاکستان کو رائیلٹی کی مد سالانہ 5ارب ڈالر ملیں گے ۔

گوادر دنیا کا دوسرا بڑا ڈیپ سی پورٹ ہے جس کی وجہ سے یہاں بیک وقت کئی بحری جہاز لنگر انداز ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بدلتے حالات کے مطابق اپنی تیاری کریں کیوں کہ طلباء ملک کا اثاثہ ہیں ۔ صرف ہنرمند ، تعلیم اور تربیت یافتہ نوجوان ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ تقریب کے آخر میں شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیے گئے۔(م ی)

متعلقہ عنوان :

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں