ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام ایس او ایس سکول ٹیچرز کیلئے ورکشاپ

بچوں کی تعلیم کو ملکی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد

پیر 31 اکتوبر 2022 17:55

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2022ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام ایس او ایس سکول ٹیچرز کیلئی"لیسن پلاننگ اینڈ کلاس روم مینجمنٹ" کے موضوع پر ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد تھے ۔ورکشاپ کا مقصد سکول ٹیچرز کو کلاس ٹیچنگ کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا تھا ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کو ملکی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے ہم اپنے بچوں کو تعلیم کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، جس کے مثبت اور دوررس تعلیمی نتائج آنے والے وقت میں ظاہر ہوں گے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ورکشاپ آرگنائزر ڈاکٹر صدف ناز کی طرف سے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے اس طرح کی ورکشاپس نہایت اہمیت کی حامل ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ ان سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔

انہوں نے مانسہرہ کے دیگر سرکاری و نجی سکولوں کے لئے ٹیچرز ورکشاپ کے انعقاد پر زور دیا۔وائس چانسلر نے "ہزارہ ٹیچرز فارم" کے نام سے ایک سوسائٹی بنانے کی تجویز بھی پیش کی ۔ورکشاپ کے ٹرینرز میں ہری پور یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف ایوب اور ہزارہ یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر الیاس شامل تھے جنہوں نے لیسن پلاننگ اینڈ کلاس روم مینجمنٹ ، ریڈنگ پریکٹیم ، ریفیکٹو پریکٹس سمیت دیگر موضوعات پر ورکشاپ کے شرکا کو لیکچر دیا۔ ایس او ایس سکول ٹیچرز نے ورکشاپ کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپ کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکا میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں