مستقبل کے معماروں کومعذوری سے بچانے کیلئے پولیو مہم میں خدمت خلق کے جذبے سے کام کی ضرورت ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 فروری 2017 22:49

میرپورخاص۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ مستقبل کے معماروں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو مہم میں خدمت خلق کے جذبے سے کام کی ضرورت ہے اور کہا کہ پولیو کے خاتمے سے ہی ہم اپنے ملک و صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربارہال میں6سی9مارچ تک ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے پولیو کے وائرس سے نجات پالی ہے چند ممالک میں جس میں پاکستان بھی شامل ہے نے ابھی تک پولیو وائرس سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا ، اس لئے پولیو مہم کو ہر صورت میں کامیاب بنانا ہوگا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زاہد میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے تعلقوں میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اجلاس کریں اور پولیو ٹیموں کے کاموں کی نگرانی کریں اور پولیو کے انکاری کیسوں کو ختم کرنے کیلئے بھی بھرپوراقدامات کریں انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا اپنا بھرپورکردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرانور پالاری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے پولیو مہم میں بہتر کارکردگی دکھانے والی پولیو ٹیموں کو سرٹیفکیٹ اور انعام بھی دیا جائے گا۔ اجلاس میںمحکمہ صحت کے ڈاکٹر خالداور ڈاکٹر نارائن نے پولیو کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع میرپورخاص سال2012سے پولیو سے پاک ضلع ہے اور کہا کہ گذشتہ پولیو مہم کے دوران 25رفیوزل کیس باقی رہ گئے ہیںاور کہا کہ پولیو مہم کے دوران پیدائش سے لے کر 5سال تک عمر کے 292626بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے اس مقصد کیلئے 51یوسی ایم اوز، 159ایریا انچارجز،761ٹوٹل ٹیمیں،583موبائل ٹیمیں،105 فکسڈ پوائنٹ،73ٹرانزٹ پوائنٹ اور205موٹر سائیکل موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اجلاس میں ایس اے خان، تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نصیر شیخ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر حمزہ پنہور، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر رضا علی بلوش، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاخر شاکر، سول سوسائٹی کے محمدبخش کپری اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں