میر پور رائلز نے پہلی کامیابی حاصل کرلی

مختار احمد، شرجیل خان اور شعیب ملک کی عمدہ باریاں،کشمیری فاسٹ بولر سلمان ارشاد کی تین وکٹیں، مین آف دی میچ قرار

پیر 9 اگست 2021 23:48

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2021ء) میر پور رائلز نے پہلی کامیابی حاصل کرلی۔اوورزسیز وارئیرز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو دوسری جانب کپتان شعیب ملک نے بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ 22کے مجموعی اسکور پر حیدر علی کو ثمین گل نے صفر کا تحفہ دیدیا، ناصر نوازکی مہم جوئی پاورپلے کی آخری گیند پر ختم ہوئی جب ابراراحمد نے 19رنز بنانے والے کھبے اوپنر کو میدان سے باہر بھیج دیا۔

عماد وسیم (12) بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے لیکن کامران غلام اور اعظم خان نے اپنی ٹیم کو سنبھالتے ہوئے 145کا مجموعہ دلوادیا،کامران غلام نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 35بالز پر 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اعظم خان نے 40گیندوں پر32رنز بنائے جس میں ایک چھکا شامل تھا۔

(جاری ہے)

ان دونوں بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنے والے سلمان ارشاد نے مجموعی طور پر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ہدف اتنا مشکل نہ تھا اور پھر میرپور رائلز کے اوپنرز مختار احمد اور شرجیل خان نے اس کو مزید آسان بنا دیا۔ پانچویں اوور میں دونوں جارح صفت اوپنرز نے اپنی ٹیم کے پچاس رنز مکمل کروادیے۔ مختار احمد نے سات چوکے لگاتے ہوئے 40بالز پر 45 جبکہ شرجیل خان نے صرف 19گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 35رنز کی اننگز کھیلی،محمد اخلاق جلد رن آئوٹ ہوگئے اور پھر موسی خان نے خوش دل شاہ (2) کو بھی بولڈ کردیا۔

کپتان شعیب ملک نے 25 گیندوں پر دو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 36 رنز کی باری کھیلی تو جیت سامنے نظر آرہی تھی۔ عماد بٹ نے 19 ویں کی پہلی گیند کو میدان سے باہر پھینکا تو میرپور رائلز کی جیت کا اعلان ہوچکا تھا۔ اوورسیز وارئیرز کیلئے موسی خان نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر سلمان ارشاد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں