بے روزگاری کے مسئلے کے حل کیلئے آزاد کشمیر میں صنعتوں کو فروغ دیا جانا ضروری ہے، بیرسٹر سلطان

انڈسٹریز لگانے سے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی ،خطہ خود کفالت کی منزل بھی حاصل کر سکے گا، صدر آزاد کشمیر

منگل 19 مارچ 2024 19:29

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت آزادکشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کا ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ آزادکشمیر میں صنعتوں کو فروغ دیا جائے جب میں وزیر اعظم تھا تو آزادکشمیر بالخصوص میرپور میں بے شمار لوگوں نے سرمایہ کاری کر کے بڑی تعداد میں انڈسٹریز لگائیں۔

میں نے بحیثیت وزیر اعظم اُس دور میں سرمایہ کاروں کو جو سہولتیں دے رکھی تھیں وہ بعد ازاں آنے والی حکومتوں میں انہیں نہیں مل سکیں۔ اب میں صدر آزاد جموںوکشمیر کی حیثیت سے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ہم انہیں ہر طرح کی معاونت اور سہولتیں فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں صرف سرکاری ملازمتیں ہی ہیں لیکن ان سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں لہذا بیروزگاری کے خاتمے کے لئے آزادکشمیر بھر میں صنعتوں کا قیام ازبس ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار میسر آسکے اور اسی طرح انڈسٹریز لگانے سے جہاں آزادکشمیر میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی وہاں آزادکشمیر خود کفالت کی منزل بھی حاصل کر سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں صدارتی کیمپ آفس میرپور میں آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید صابر حسین شاہ کی قیادت میں مقامی صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے وفد سے ایک تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملاقات میں آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید صابرحسین شاہ نے ڈرائی پورٹ، رٹھوھہ ہریام پل، انڈسٹری کے مسائل اور حالیہ دنوں میں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں گیارہ ہزار پلاٹوں کی بحالی کے حوالے سے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوتفصیلات سے آگاہ کیا ۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرپور میرا گھر ہے یہاں کے مسائل سے میں کسی صورت لا تعلق نہیں رہ سکتا اور میرپور کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ وفد میں سینئر نائب صدر چوہدری کاشف نذیر بجاڑ، نائب صدر راجہ محمد اشفاق رٹوی، سابق صدر چیمبر آف کامرس چوہدری جاوید اقبال، سابق سینئر نائب صدر سید شمریز حسین شاہ، چیئرمین آڈٹ کمیٹی ممتاز رسول میر، ایگزیکٹو ممبران فیصل نظیف، عابد حسین، احسان الحق، جنرل سیکرٹری میرپور پراپرٹی ایسوسی ایشن خواجہ شہزاد لون، سیکرٹری اطلاعات اشتیاق احمد، ممبر مجلس عاملہ عامر بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں