عام آدمی کے لیے ہرممکن ریلیف وزیر اعظم آزاد کشمیرکا بنیادی منشور ہے ،موسٹ سینئر وزیر

منگل 2 اپریل 2024 18:04

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) آزاد جموں وکشمیر کے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا ہے کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی، ٹیکس چوری اور ہر قسم کے مافیا کا خاتمہ گڈ گورننس اور عام آدمی کے لیے ہرممکن ریلیف وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور اتحادی حکومت کا بنیادی منشور ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آج اتحادی حکومت نے آزاد کشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس چوری پکڑی جب بھمبر میں پولیس اور دیگر حکام نے 1ارب گیارہ کروڑ مالیت کا سیگریٹ بنانے والا خام مال پکڑا جس سے 7 ارب کے سیگریٹ بنائے جا سکتے تھے، میرپور میں کے ایف سی واقعہ میں گھیراؤ جلاؤ کرنے والوں اور قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسندوں کو آئنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

(جاری ہے)

کسی بے گناہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی لیکن تشدد کرنے والوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔

غیرقانونی سرگرمیوں کے بارے میں قانونی کارروائی رکے گی نہیں۔ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق ان تمام واقعات کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ ہم ریاست میں سگریٹ، آٹا، ٹمبر، ٹیکس چوری سمیت کسی بھی مافیا کو برداشت نہیں کریں گے اور اس کا قانونی طریقہ سے قلع قمع کرکے چھوڑیں گے۔وہ یہاں کمشنر آفس میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کمشنر چوہدری شوکت علی،کمشنر ان لینڈ ریونیو اشتیاق احمد،ڈی ایس پی چوہدری محمد نصیر بھی موجود تھے۔

موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے حلف اٹھاتے ہی اعلان کیا تھا کہ ریاست میں ٹیکس چوری لاقانونیت یا کسی بھی قسم کے بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کے اندر میرٹ پر تقریاں کیں ایماندار افسران کو تعینات کیا جس کے باعث بھمبرپولیس نے نیشنل ٹبیکو کمپنی کے 8 گودام پر چھاپے مارے جہاں سے ایک ارب گیارہ کروڑ روپے کا غیرقانونی بغیر دستاویزات کے سیگریٹوں کا خام مال پکڑا جس سے سات ارب کے غیر قانونی سیگریٹ تیار ہونا تھے۔

موسٹ سینئر وزیر نے کہا کہ اتحادی حکومت کے تمام اقدامات قانون کے دائرے کے اندر ہیں۔ جب سے موجودہ اتحادی حکومت کا قیام عمل میں آیا ریاست میں سرگرم غیرقانونی مافیا نے گٹھ جوڑ کر کے حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر ممکن سازش کی۔۔ امن و امان اور ریاست کی ترقی کے خلاف کی گئی ہر کارروائی کو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں