کرپشن معاشرے کا ناسور ،ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،مشتاق احمد جنجوعہ

احتساب کا مقصد کسی کی پگڑی اچھالنا نہیں ،قانون و قاعدے کی عملداری کرکے ریاست سے کرپشن ،بدعنوانی کا خاتمہ ہے،چیئرمین احتساب بیورو آزاد کشمیر

جمعرات 18 اپریل 2024 20:59

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) چیئرمین آزاد جموں و کشمیر احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ احتساب کا مقصد کسی ادارے یا فرد کی پگڑی اچھالنا نہیں بلکہ قانون و قاعدے کی عملداری کرکے ریاست سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے۔کرپشن معاشرے کا وہ ناسور ہے جو ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔احتساب بیورو میں سب سے زیادہ شکایات ادارہ ترقیات میرپور کے پلاٹوں کے متعلق ہیں۔

ادارہ ترقیات کے ذمہ داران احتساب بیورو کی طرف سے نوٹسز کا فوری جواب دیں۔جن جن اداروں کے ذمہ شکایات ہیں وہ جواب دینے میں سستی اور غفلت نہ کریں۔ جملہ ترقیاتی و غیر ترقیاتی اداروں میں سابقہ مالی سال کے دوران مہیا کیے گے فنڈز کے خلاف اخراجات اور ان سے عوام الناس اور محکمہ کو کتنا فائدہ ہوا ہے پر مفصل رپورٹ فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر میں صاف شفاف اور بلاتخصیص احتسابی عمل کے لئے عوام الناس اور شکایات کنندگان کی شکایات کے ازالے کے لیے تما م قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ میرپور کے دوران ڈویژنل و ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر انوسٹیگیشن و کوارڈنیشن راجہ محمداکمل،چیف انجینئر و ڈی جی ایم ڈی اے تنویر قریشی،ایس ایس پی کامران علی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،ڈائریکٹر ایڈمن احتساب بیورو راجہ محمد فیاض،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود،ڈائریکٹر انوسٹیگیشن عدیل احمد لنگڑیال،چیف انجینئر برقیات سعید گیلانی،پراجیکٹ ڈائریکٹر ندیم اقبال،ایس سی پبلک ہیلتھ انجینئر نگ او نگزیب، چیف افسر ضلع کونسل اشفاق احمد نور،احتساب بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر اویس رفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر احتساب شہزادہ گوہر رحمن، ڈائریکٹر ایم ڈی اے مرزا کلیم جرال،ناظم جنگلات بلال احمد،ناظم جنگلات ملک عمران صادق،ڈی ایف او راجہ عمران شفیع،ایکسین شاہرات نجم گیلانی،ایکسین بلڈنگ شہزادہ اقبال،ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ یاسین طاہر،ایکسین برقیات عمر حیات،ایکسین برقیات شوکت سرفراز عباسی،ایکسین برقیات یاسر ربانی،ایکسین پی ایچ ای ارشدمحمود،ایکسین برقیات اعجاز احمد،ایکسین بلدیہ شاہزیب کرامت،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،ایس ڈی او چوہدری وقار،ایس ڈی او سید حسن شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں ادارہ ترقیات،ضلع کونسل،بلدیہ،ہائی وے،بلڈنگ،پی ایم یو،جنگلات،برقیات،پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کے افسران نے اپنے اپنے محکموں کے متعلق ترقیاتی و غیر ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ نے کہا کہ احتساب بیورو ریاستی ادارہ ہے جو ایک قانون کے تحت قائم ہوا ہے تمام ریاستی ملازمین احتساب بیورو کے فرائض کی ادائیگی میں اس کے ساتھ تعاون کرنے کے پابند ہیں۔

احتساب بیورو کی طرف سے جو بھی نوٹسز جاری ہوں ان کا فوری اور برقت جواب دیا جائے۔اس حوالے سے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی روایت ختم کریں یہ عذر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔احتساب بیورو کو جو ریکارڈ طلب ہوگا وہی ریکارڈ فراہم کیا جائے۔غیر ضروری فائلیں ارسال نہ کی جائیں صرف متعلقہ افراد اور کیس کے متعلقہ ریکارڈ فراہم کیا جائے۔چیئرمین احتساب بیور و مشتاق احمد جنجوعہ نے کہاکہ کرپشن قومی نوعیت کا جرم ہے اس کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ حکومتی وسائل کو قانون و قاعدے کے مطابق استعمال میں لائیں اور ریاستی وسائل کے نتائج زمین پر نظر آنے چاہیے انہوں نے کہا کہ اوور سیزکشمیریوں کو ادارہ ترقیات میرپورکے متعلق متعدد شکایات ہیں اوور سیز کی شکایات ترجیح بنیادوں پر حل کی جائیں۔ میرپورکی تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں بدعنوانی، لاپروائی اور غفلت کرنے والوں کو سزا و جزا کے عمل سے گزرنا ہو گا۔

چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ نے احتساب دفتر میں درجنوں شاکیوں کی شکایات سنی اور ان میں سے بعض شکایات کا موقع پر ازالہ کر وایا جبکہ دیگر شاکیوں کو مزید ریکارڈ پیش کر نے کی ہدایات دیں۔اس موقع پر اسرار احمد،پٹواری سرفراز،پٹواری شاہد،نوید،رزاق،منیر،محمد حسین،وحید مغل،راجہ شہزادسمیت دیگر افراد نے بھی مختلف اداروں کے خلاف شکایات کیں۔

چیئرمین احتساب بیورو نے جملہ شاکیاں کی شکایات غور سے سنی اور انہیں یقین دلایا کہ جو بھی شکایات احتساب بیور کے دائر ہ اختیارمیں ہو گی اسے حل کیا جائے گا۔اس حوالے سے احتساب بیورو اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔کسی کے ساتھ پسند یا ناپسند کا فامولہ اختیار نہیں کیا جائے گا بلکہ بلا تخصیص انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں