شہید ذوالفقار علی بھٹو امت مسلمہ کیلئے امید کی کرن تھے ،چوہدری عبدالمجید

عظیم لیڈر کو کھو دینے کا غم اور دکھ ہر سال04 اپریل کو پوری پاکستانی قوم کی نظروں سے عیاں ہوتانظر آتا ہے،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 3 اپریل 2024 23:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ 04 اپریل1979 کا دن مملکت خداد پاکستان میں سیاہ ترین دن ہے جس روز امت مسلمہ کے نڈر جراتمند،بیباک لیڈر اورایٹمی قوت کے بانی منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ایک متنازعہ عدالتی فیصلے پر پھانسی دے کر شہید کردیا گیا۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ایک ہی جرم تھا کہ وہ غریبوں کے حامی اور مملکت خداداد پاکستان کو دنیا کی عظیم تر مملکت بنانا چاہتے تھے۔پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو امت مسلمہ کے لئے بھی ایک امید کی کرن تھے جو اسلامی ممالک کو دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں آگے لانے کا ویژن رکھتے تھے۔انہوں نے عوامی طاقت، جمہوریت، شہری آزادیوں اور پاکستان کی خود مختاری پر کبھی بھی کمپرومائز نہیں کیا۔

(جاری ہے)

وہ ایک عظیم لیڈر تھے جو جمہوریت میں عوام کو ہی طاقت کا سر چشمہ سمجھتے تھے۔اس عظیم لیڈر کو کھو دینے کا غم اور دکھ ہر سال04 اپریل کو پوری پاکستانی قوم کی نظروں سے عیاں ہوتانظر آتا ہے۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی میں جو غلطیاں کی گئیں ان سے سبق حاصل کیا جائے اور مملکت خداداد پاکستان کی ترقی،خوشحالی، بقا اور ناقابل تسخیر دفاع کے لئے پوری قوم متحد اور منظم ہو جائے۔

قوم کے اتحاد و اتفاق اور اداروں کے استحکام سے ہی ترقی کی نئی راہیں کھولیں گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کی45 ویں سالانہ برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آج اگر شہید ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا اور امت مسلمہ کا بھی پوری دنیا میں بلند وقار ہوتا،انہوں نے کہاکہ بھٹو شہید ایک عہد کا نام ہے جس کا ویژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور وطن عزیز کے دفاع کو سربلند رکھنا تھا اسی وجہ سے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں ایٹمی قوت کی بنیاد رکھی اور پھر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کیا۔

پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے باعث ہی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ اور ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان مرد حر آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وطن عزیزترقی کرے گا۔ پیپلز پارٹی کے عہدیداران اورکارکنان نظریہ بھٹو کو فروغ دیں تاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں پاکستان کو ایسا انقلابی لیڈر مل سکے جو بھٹو ازم پر کاربند رہ کر پاکستان کو سیاسی و سماجی اور اقتصادی لحاظ سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کرئے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں