ملتان،جنوبی پنجاب میں محرومیاں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے،تنویر الیاس خان

جنوبی پنجاب کو صوبہ بھی بننا چاہئے اور ٹیکس فری انڈسٹریل زون بھی ،صوبائی وزیر خوراک کا تقریب سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2018 23:40

ملتان،جنوبی پنجاب میں محرومیاں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ صوبہ بھی بننا چاہئے اور ٹیکس فری انڈسٹریل زون بھی ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک ، زراعت ، ترقی و منصوبہ بندی سردار تنویر الیاس خان نے اہالیانِ ملتان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر معروف ماہر لسانیات پروفیسر شوکت مغل ‘ حکیم جاوید ہاشمی ‘ پروفیسر پرویز قادر خان ‘ سچل ہاشمی ‘ احسان اعوان ‘ خالد نجیب سراء ، رانا محمد اشرف ‘ افضال بٹ ‘ سرائیکی شاعر ظفر مسکین ‘ معیز بھٹہ ‘ زبیر دھریجہ‘ حاجی عید احمد دھریجہ ‘ اجمل دھریجہ ‘ شریف بھٹہ اور دیگر موجود تھے ۔

سرائیکی گلوکارہ نسیم سیمی اور ثوبیہ ملک نے ترنم کے ساتھ صوفیانہ کلام سنایا ۔ تقریب کے میزبان ظہور دھریجہ نے کہا کہ آج کی تقریب سردار تنویر الیاس خانک ی طرف سے زرعی یونیورسٹی ملتان کو دو کروڑاور چیف جسٹس کے ڈیمز بنانے کے فنڈز میں دو کروڑ روپیہ ذاتی جیب سے دینے پر اظہارِ تشکر اور خراجِ تحسین کے لئے رکھی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ زرعی لحاظ سے جنوبی پنجاب زرخیز ترین خطہ ہے لیکن یہ خطہ محرومی کا شکار ہے اور سائوتھ کے لوگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو ان کی بات میں وزن ہے میں صوبے کی حمایت کرتا ہوں۔

صوبہ بننے سے وفاق پاکستان مضبوط ،مستحق اور متوازن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں ٹیکس فری انڈسٹریل زون بھی بننا چاہئے، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ذاتی جیب سے زرعی یونیورسٹی ملتان اور چیف جسٹس کے فنڈز میں ڈیمز کیلئے جو عطیہ دیا ہے اس کا تعلق بھی سائوتھ سے ہے کہ اس خطے کو پانی کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں نے مجھے بہت محبت دی ہے، آم کی طرح اس خطے کے لوگ میٹھے ہیں اور میں انشاء اللہ اس خطے میں آتا جاتا رہوں گا اور اس خطے کی محرومی کے خاتمے کیلئے مجھ سے جو اقدامات ہو سکے میں انشاء اللہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پر امن اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی جماعت سے نہ دوستی ہے نہ دشمنی ہم اپنا غیر جانبدارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد اقتدار منتخب لوگوں کے حوالے کریں گے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں