ملتان،نو عمر لڑکی کے قتل مقدمہ میں نامزد تین ملزمان گرفتار

بدھ 8 مئی 2024 17:01

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) ملتان تھانہ بدھلہ سنت پولیس نے 15 سالہ لڑکی حسن فاطمہ کے قتل مقدمہ میں نامزد تین ملزمان کوٹریس کر کے گرفتارکرلیا۔سی پی او ملتان صادق علی نے بدھ کے روز یہاں ایس ایس آپریشنزارسلان زاہد اورایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا محمد اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 7مئی 2024ء کو تھانہ بدھلہ سنت کو چک ٹو کے ایم آرمیں15 سالہ لڑکی حسن فاطمہ کی لٹکی ہوئی لاش ملنے کی اطلاع موصول ہوئی ،جس پر متعلقہ پولیس فوری جائے وقوعہ پر پہنچی تو پولیس کو ابتدائی طورپر ڈرامہ رچا کر بتایا گیا کہ لڑکی نے گلے میں پھندا ڈال کرخود کشی کی ہے،پولیس ٹیم نے تحقیقات کیں تو قتل کا وقوعہ سامنے آیا۔

لڑکی کی والدہ ثوبیہ بی بی نے پولیس کوبیان دیا کہ اس کے دیورجعفرحسین شاہ ،بھائی خضر حیات شاہ اوربھتیجے نعمان شاہ نے لڑکی کے گلے میں پھندہ ڈال کراسے قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ثوبیہ بی بی نے پولیس کوبتایا کہ لڑکی گھرمیں اکیلی تھی اور وہ خود فرحان نامی اپنے سکول ٹیچر سے ملنے کیلئے چلی گئی،جس پر ملزمان جعفرحسین شاہ ،خضرحیات شاہ اورنعمان شاہ نے موقع پا کر لڑکی کو گلے میں پھندہ لگا کر قتل کر دیا۔

سی پی او نے بتایا کہ لڑکی کی والدہ ثوبیہ بی بی کی مدعیت میں وقوعہ کا مقدمہ نمبر 24/177بجرم 302/34تھانہ بدھلہ سنت درج کیا گیا اور15 سالہ حسن فاطمہ کے قتل میں ملوث تینوں نامزد ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی پی او نے کہا کہ پولیس ٹیم اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اصل حقائق تک پہنچی اورملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا،ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں