کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں اور معاون عملے کی ٹریننگ مکمل

جمعہ 21 فروری 2020 00:01

ملتان ۔20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق تمام حفاظتی اقدامات سمیت ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی تربیت مکمل کروا دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے تمام بڑے ایئرپورٹ والے شہروں میں خصوصی ٹریننگ کا مقصد کرونا وائرس کے مریض کی دیکھ بھال کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کوروکنا اور عملے کو محفوظ رکھنا ہے،ڈاکٹر اور معاون عملہ کی وائرس سے حفاظت کے لئے یہ تربیتی نشست کلیدی کردار ادا کریگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کرونا وائرس سے متعلق ٹریننگ ورکشاپ میں خطاب کے دوران کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ڈاکٹروں اور معاون عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،جبکہ پنجاب بھر میں بڑے ہسپتالوں کے ڈاکٹر اورمعاون عملے کی تربیت ریکارڈ دو ہفتوں میں مکمل کی گئی ہے،لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا،ٹریننگ خصوصی طور پر بڑے ائیر پورٹس والے شہروں اور بڑے ہسپتالوں میں منعقد کی گئیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں ایچ ڈی یو قائم کر کے عملے کی مکمل تربیت کر دی گئی ہے،کرونا وائرس کے خصوصی وارڈز والے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،ٹریننگ کا مقصد کرونا مریض کی دیکھ بھال کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اور عملے کومحفوظ رکھنا ہے،ڈاکٹر اور معاون عملہ کی وائرس سے حفاظت کے لیے ٹریننگ کلیدی کردار ادا کرے گی،کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ائیر پورٹس پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس صورت حال پر مکمل نظر رکھنے کے لیے جدید کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس،ڈاکٹر عطاالرحمان اور فوکل پرسن وبائی امراض نشتر ہسپتال ڈاکٹر عرفان سمیت محکمہ صحت کے افسران اور ڈاکٹرز ،نرسز نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں