آزاد کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں‘شاہ غلام قادر

انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے نمائندگان سیز فائر لائن سے ملحقہ دیہاتوں میں ہونے والے نقصانات اور افراد کی شہادت کا نوٹس لینا چاہیے‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

پیر 21 اکتوبر 2019 14:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بھارتی افواج کی جانب سے مظفرآباد سیکٹر میں سیز فائر لائن کے قریب نوسیری، نوسدہ، کنور، پنجگراں، پٹھیالی جبکہ وادیء نیلم میں جُورا، شاہ کوٹ،سالخلہ، کنڈل شاہی اور اٹھمقام کے دیہاتوں پر بلا جواز فائرنگ کی مذمت کی ہے جس میں دیہی آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اُنہوں نے بھارتی آرمی چیف کے اس بیان کو بھی بے بنیاد قرار دیا کر مسترد کر دیا ہے کہ کیمپوں پر فائرنگ کی گئی ہے۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیئے تیار ہیں۔ اُنہوں نے 5افراد سمیت ایک فوجی جوان کی شہادت پر کہا کہ شہداء کا ناحق بہنے والا خُون بھارت کو مہنگا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے شہدائے وطن کے بلندیء درجات کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے۔

شاہ غلام نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بھارتی چوکیوں کو تباہ کر کے 9بھارتی فوجیوں کو واصل جہنم کیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک افواج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر دُشمن کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔ اُنہوں نے زخمی افراد کی صحت یابی کی دُعا کی ہے۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے نمائندگان سیز فائر لائن سے ملحقہ دیہاتوں میں ہونے والے نقصانات اور افراد کی شہادت کا نوٹس لینا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کے حق سے نہیں ہٹیں گے، اس راستے میں کسی قُربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے افراد پر بھارتی افواج کے مظالم قابل مذمت ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنے نمائندے بھیجنے چاہیے اور کرفیو کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات کیئے جانے چاہیے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں