ملک کے اندر رسول ﷺ کے فرمودات کے مطابق قومی لیبر پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے،سردارعتیق احمد

محنت کش کی کم ازکم اجرت اورتنخواہ کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے،ہمارا مذہب اس طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،سابق وزیراعظم

بدھ 1 مئی 2024 18:29

مظفرآباد/مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ملک کے اندر رسول ﷺ کے فرمودات کے مطابق قومی لیبر پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے،سرکاری اور نجی اداروں میں یومیہ اجرت کا خاتمہ کرکے تمام آسامیوں پر مستقل ملازمت دی جانی چاہئے،محنت کش کی کم ازکم اجرت اورتنخواہ کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے،ہمارا مذہب اس طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے،ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے مدینہ منورہ میں کام کرنے والی کشمیری کمیونٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آزادکشمیر سے ہزاروں کی تعداد میں افراد عرب امارات سمیت دنیا بھر میں روزگار کمارہے ہیں اور اپنے پیاروں سے دور ہیں ہم ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں وہ بھی اپنے خاندان کو یاد کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مہنگائی کے باعث آج مزدور بیرون ملک سفر کررہا ہے، مزدور طبقہ موجودہ مہنگائی کے دور میں پس کر رہ گیا ہے،فیکٹریوں،ملوں اور کاروباری اداروں کے تمام مزدوروں کی رجسٹریشن کر کے لیبر ویلفیئر کارڈ کا اجرا کیا جائے تاکہ کوئی بھی مزدور اپنے قانونی او ر مالی حقوق سے محروم نہ رہے ،انہیں بچوں کی تعلیم،علاج اور بڑھاپا الائونس دیا جائے،ملک میں جب تک مزدور طبقہ خوشحال نہیں ہو گا اس وقت تک ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے مزدور طبقہ کی کمر تو ڑ کر رکھ دی ہے،لوگوں کو جسم کا روح سے رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے ، تنخواہ دار طبقہ ہے وہ بجلی کا بل دیتا ہے تو بچوں کو پڑھا نہیں سکتا، گیس کا بل دیتا ہے تو گھر کا خرچہ چلانا اس کے لیے ممکن نہیں ہوتا بچوں کی فیس دیتا ہے تو پھر روزی روٹی کیسے چلائے بدترین صورتحال ہے۔انہوںنے کہا کہ یکم مئی محض ایک چھٹی منانے اور بیانات دینے کی رسم بن گئی ہے، مزدوروں کی مراعات اور سہولیات کا کوئی خیال نہیں کیا جاتا،ریاست کو چاہیے مزدور طبقے کی فلاح کے لیے عملی ٹھوس اقدام کرے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں