لال آٹے کی قیمت میں کمی مگر گیس، لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ

پیر 22 اپریل 2024 17:05

لال آٹے کی قیمت میں کمی مگر گیس، لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) لال آٹے کی قیمت میں کمی مگر گیس، لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ۔ نان بائی اسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے تناظر میں کم تو کر دی مگر ان کی معاشی حالت سدھارنے کے لیے قانون سازی نہ کی جا سکی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر اقتدار مظفرآباد میں شدید عوامی شکایات کے بعد انتظامیہ نے نان بائی اسوسی ایشن سے بدوں مشاورت روٹی کی قیمت کم تو کر دی مگر نان بائی اسوسی ایشن نے حکومتی رٹ کو بحال رکھنے کے لیے روٹی کی قیمتوں میں از خود کمی کر دی تھی۔

ان کا یہ کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے قبل نان بائی اسوسی ایشن سے مشاورت کر لی جاتی تو بہتر تھا۔ نان بائی اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ لال آٹے کی بوری کے پیچھے 500 روپے کی واضح کمی کی گئی ہے مگر دوسری جانب ایل پی جی اور جلائی جانے والی لکڑی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ دکانوں کے کرائے اور دیگر اخراجات کو اگر مد نظر رکھا جائے تو پھر حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت مقرر کرنے سے قبل نان بائی اسوسی ایشن سے مشاورت ضروری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف آٹے سے روٹی تیار نہیں ہوتی بلکہ نان کے لیے میدے کی ضرورت پڑتی ہے اور میدے کی قیمت میں آٹے میں نمک کے برابر کمی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صرف لال آٹے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے نہ تو فائن آٹے کی قیمت میں کوئی کمی دکھائی دی اور نہ ہی میدہ کی قیمت میں جبکہ ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب دکانوں کے سالانہ کرایوں میں اضافہ مالکان کی جانب سے کر دیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے روٹی کی قیمتوں میں کمی سے قبل نان بائی اسوسی ایشن سے مشاورت ضروری تھی۔ دریں اثنا پولیس لائن میں واقع نان بھائی اسوسی ایشن کے عہداران اور ان کے ساتھ منسلک تندوروں نے بھی عوام کی سہولت کے لیے روٹی کی قیمت میں واضح کمی کرتے ہوئے روٹی 16 روپے، نان 20 روپے اور باقر خانی 100 گرام 30 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں