ننکانہ ،ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر کے شہروں سمیت تمام دیہاتوں میں بھی صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات جاری

جمعہ 26 اپریل 2024 13:20

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی زیرنگرانی ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر کے شہروں سمیت تمام دیہاتوں میں بھی صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ننکانہ صاحب مزمل الیاس نے صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے لیے رتوآنہ گاؤں کا اچانک دورہ کیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دیہات میں لائٹس کی تنصیب ، گھرانہ نمبرز سمیت صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اہل دیہہ سے صفائی کرنے والی ٹیموں کی کارکردگی بارے بھی دریافت کیا ، اہل دیہہ نے صفائی ستھرائی کی صورتحال بارے اطمینان کا اظہار کیا اور صفائی کرنے والے عملے کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ننکانہ صاحب مزمل الیاس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی ہدایات کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں سمیت دیہاتوں کو صاف ستھرا بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں ، متعلقہ محکموں کے افسران ڈپٹی کمشنر کی زیر سرپرستی میں ہمہ وقت صفائی ستھرائی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے افسران کو صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے کاموں میں مزید تیزی لانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق ضلع بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جس کے تحت شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

پارکس ، گرین بیلٹس اور چوراہے سرسبز و شاداب دکھائی دے رہے ہیں۔ میونسپل کمیٹیز کا عملہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور گٹروں کو ڈھکن لگانے کا کام باقاعدگی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پودوں اور سڑکوں کے ڈیوائیڈرز پر لگی گھاس کی تراش کا کام جاری ہے اورپودوں کو پانی بھی باقاعدگی سے دیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو مزید بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام مشینری و عملہ متحرک ہے اور شہر کی سڑکوں ، گلی محلوں اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں