افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر اور زبیر احمد ملک کو ایگزیکٹو ممبر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، محمد احمد وحید

امید ہے افتخار علی ملک سارک ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے میں مثبت کردار ادا کریں گے، صدر اسلام آباد چیمبر

منگل 30 جون 2020 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمن خان اور فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر اور زبیر احمد ملک کو ایگزیکٹو ممبر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارک چیمبر کے صدر کی حیثیت سے افتخار علی ملک سارک رکن ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کوبہتر کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار اور مستند بزنس مین ہیں لہذا ان کا سارک چیمبر کا صدر منتخب ہونا پاکستان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو سارک ممالک کو مزید قریب لانے اور پاکستان کے ساتھ ان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

محمد احمد وحید نے کہا کہ افتخار علی ملک مختلف حیثیتوں سے پاکستان کی تاجر برادری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے چکے ہیں کیونکہ بطور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، صدر ایف پی سی سی آئی اور ایگزیکٹو ممبر سارک چیمبر وہ اپنی عمدہ قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔لہذا ان کا سارک چیمبر کے صدر کاعہدہ سنبھالنا پاکستان کی معیشت کے لئے فائدہ مند نتائج کا باعث ہوگا کیونکہ وہ پاکستان کی سارک خطے کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ سارک خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے کیونکہ یہ تقریبا 1.7ارب آبادی والی ایک بڑی مارکیٹ ہے ۔ تاہم سارک ریجن میں علاقائی استحکام کے فقدان کی وجہ سے یہ خطہ ابھی تک اپنی اصل معاشی صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ سارک خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لئے کاروبار دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ، کسٹم طریقہ کار کو ہموار بنا کر اور دیگر مسائل کو حل کر کے سارک ممالک کی علاقائی تجارت کو چند سالوں میں موجودہ 28 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افتخار علی ملک سارک حکومتوں کے تعاون سے علاقائی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے تا کہ سارک خطہ اپنی اصل تجارتی صلاحیت سے استفادہ حاصل کر سکے جس سے خطے میں غربت کم ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی ان کوششوں میں افتخار علی ملک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تا کہ سارک رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کومزید بہتر کیا جا سکے۔ آئی سی سی آئی کے سابق صدور بشمول خالد جاوید، عبد الرؤف عالم، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، احمد حسن مغل اور شیخ عاطف اکرام سمیت سارک چیمبر کے چیئرمین کورآرڈینیشن ملک سہیل حسین، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر اور زبیر احمد ملک کو ایگزیکٹو ممبر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں